افضل گورو کی سزائے موت کو ختم کیا جائے‘ مسلم کانفرنس پارلیمانی پارٹی

منگل 17 اکتوبر 2006 15:21

مظفر آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین17اکتوبر2006) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی پارلیمانی پارٹی نے وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان کے دورہ بیرون ممالک کو کامیاب قرار دیا ہے پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم کی جانب سے او آئی سی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر دس تجاویز پیش کرنے اور او آئی سی کے ایجنڈا میں ان تجاویز کی شمولیت پر وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔

قبل ازیں پارلیمانی پارٹی کو اپنے دورے پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے بتایا کہ برسلز میں ہونے والی عالمی مباحثہ برائے کشمیر اور امریکہ میں او آئی سی کے اجلاس میں وزیر اعظم کی طرف سے پیش کی گئی تجاویز پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پارلیمانی پارٹی نے اپنی ایک قرارداد کے ذریعے ممتاز کشمیری رہنما افضل گورو کو نام نہاد بھارتی پارلیمنٹ حملہ کیس میں موت کی سزا سنانے کو انصاف کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی کا جو سلسلہ جاری ہے وہ انتہائی قابل مذمت ہے بھارتی حکومت کو افضل گورو کی سزا معطل کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنی چاہئیں تاکہ دونوں ملکوں کے مابین جاری عمل مذاکرات کامیابی سے جاری رہ سکیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں 27 اکتوبر 1947ء کو بھارت کی جانب سے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کی خاطر فوجیں اتارنے کی مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین اور حقوق کی خلاف ورزی تصور کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے اپنی فوجیں نکالے اور کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دے۔ کابینہ کا یہ اجلاس مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کشمیر کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے ہر سطح پر اس کی حمایت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔