جموں و کشمیر کے علماء یوم قدس کے روز صدائے احتجاج بلند کریں۔ میر واعظ عمر فاروق

منگل 17 اکتوبر 2006 15:29

سرینگر(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین17اکتوبر2006) کل جماعتی حریت کانفرنس نے جموں کشمیر کے تمام ائمہ مساجد ائمہ جمعہ و جماعت اور خطیب حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ یوم قدس کے موقعہ پر جسکو امسال حریت کانفرنس کے چیرمین میر واعظ مولوی محمد عمر فاروق کے اعلان کی رو سے یوم کشمیر اور یوم اسیران کے طور پر بھی منانے کا اعلان کیا گیا ہے اس دن کی اہمیت و افادیت کے حوالے سے صدائے احتجاج بلند کریں ۔

بیان میں کہاگیا ہے کہ قبلہ اول کی بازیابی کے لئے جدوجہد پوری مسلم امہ کا مذہبی فریضہ ہے اور دنیا ئے اسلام کے اس مقدس مقام کو جس طرح غاصب اسرائیلیوں کے ہاتھوں بے حرمتی کی جارہی ہے اور فلسطینی مسلمانوں کو نہ صرف قبلہ اول میں نماز پڑھنے سے روکا جا رہا ہے بلکہ سخت ترین تشدد کا بھی شکار بنایا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ایسے میں ہم سب کا فرض بنتا ہے کہ اس مقدس مقام کو اسرائیل کے غاصبانہ قبضے سے چھڑانے کیلئے صدائے احتجاج بلند کریں اور اسی طرح جموں کشمیر کی مظلوم قوم اپنے بنیادی حقوق کی بازیابی کے لئے مبنی بر حق جدوجہد میں مصروف ہیں اور اسکی پاداش میں نہ صرف کشمیریوں کو تہہ تیغ کیا جا رہا ہے بلکہ ہزاروں کشمیر ی نوجوانوں کو جرم بے گنائی کی پاداش میں سالہاسال سے کشمیر اور کشمیر سے باہر جیلوں میں مقید رکھ کر نہ صرف حقوق انسانی کی دھجیاں اڑائی جارہی ہے بلکہ اس قوم کے جملہ حقوق سلب کر کے ان کو مکمل غلامی کے غار میں دھکیلا گیا ہے لہذا آزادی کی جدوجہد میں مصروف پوری کشمیر ی قوم کا یہ قومی و ملی فریضہ ہے کہ وہ یوم ِ اسیراں اور یوم کشمیر کے حوالے سے صدائے حتجاج بلند کر کے پوری دنیا پر واضح کر یں کہ حصول مقصد تک جدوجہد ہر حال جاری رہے گی۔

اور یہی یوم قدس منانے کا مقصد بھی ہے اور کل جماعتی حریت کانفرنس امید کرتی ہے کہ آس دن کی مناسبت سے نہ صرف ائمہ مساجد و خطیب جمعة الوداع کے موقعہ پر اس دن کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے پوری دنیا کو اپنے جذبات سے آگاہ کریں بلکہ عام لوگ بھی پورے ایمانی جذبے سے احتجاج کرکے بیت المقدس کی بازیابی جموں کشمیر کی آزادی اور اسیران کشمیر کی غیر مشروط رہائی کے لئے اپنی آواز بلند کریں گے۔