پاکستان اور بھارت گیس منصوبے کی تاخیر کے ذمہ دار ہیں،ایران،دونوں ممالک مارکیٹ ریٹ سے کم پر گیس خریدنا چاہتے ہیں، مفت گیس فراہم نہیں کر سکتے، قونصل جنرل محمد اقبال علی کی صحافیوں سے گفتگو

منگل 17 اکتوبر 2006 22:25

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اکتوبر۔2006ء) ایران نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت سہ ملکی گیس پائپ لائن منصوبے کی تاخیر کے ذمہ دار ہیں دونوں ملکوں کی خواہش ہے کہ انہیں مارکیٹ سے کم ریٹ پر گیس فراہم کی جائے لیکن ایسا ہمارے لئے ممکن نہیں۔ منگل کو یہاں افطار ڈنر کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کے نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرل محمد اقبال علی نے بتایا کہ ایران منصوبے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے حق میں ہے لیکن پاکستان اور بھارت اپنی تمام تر توجہ کم سے کم قیمت پر مرکوز کئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو مفت گیس فراہم نہیں کر سکتے۔ ایران کے پاس قدرتی وسائل کے وسیع ذخائر موجود ہیں جن کو خطے کی تعمیر و ترقی کے لئے بروئے کار لایا جا سکتا ہے لیکن ہمارے دشمن ایسا نہیں چاہتے۔

(جاری ہے)

شمالی کوریا سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہر ملک کی اپنی اپنی پالیسی ہے تاہم جہاں تک ایران کے ایٹمی پروگرام کا تعلق ہے تو وہ پرامن مقاصد کے لئے شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد توانائی کے حصول کے سوا کچھ نہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ڈاکٹر قدیر خان نے ایران اور شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام میں کسی قسم کی مدد فراہم کی ہے تو انہوں نے کہا کہ یہ محض الزامات ہیں ایران کا ایٹمی پروگرام ہر لحاظ سے اس کا اپنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے لئے ایٹمی توانائی کا حصول ہمارا حق ہے اس لئے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔