پیپلز پارٹی کیساتھ پینگیں بڑھانے والوں کو بو کاٹا کر دیں گے،چوہدری شجاعت حسین،آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد نہیں ہوگا، ملک میں اسلام کے خلاف کوئی کام نہیں ہونے دیں گے،پاکستان مسلم لیگ کے صدر کا افطار ڈنر سے خطاب

اتوار 22 اکتوبر 2006 20:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر۔2006ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ پینگیں بڑھانے والے پارٹی ارکان کو بوکاٹاکر دیں گے، آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں ہو گا۔ ملک میں اسلام کے خلاف کوئی کام نہیں ہونے دیں گے ہمیں انتخابات میں فتح کے لئے متحد اور منظم رہنا ہو گا۔

اتوار کے روز یہاں سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی حاجی محمد نواز کھوکھر کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ سے تعلق رکھنے والے جو لوگ پیپلزپارٹی کے ساتھ پینگیں بڑھا رہے ہیں ہم ان کو بوکاٹا کر دیں گے۔ انہوں نے آئندہ انتخابات کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ انتخابی اتحاد کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ آئندہ الیکشن میں کوئی اتحاد نہیں ہوگا اور اگر کسی نے کوشش کی تو پھر بھی ہمارا پلڑا بھاری ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پاؤں پر کھڑے ہیں اور ہمیں کسی کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سے مدرسوں کے معاملے، افغانستان، عراق اور دوسرے معاملوں پر اپنا موقف منوایا ہے اور یہ ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ظلم کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور وہ اصولوں پر سودے بازی نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں کوئی بھی کام اسلام کیخلاف نہیں ہونے دینگے۔

چوہدری شجاعت نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ الیکشن میں اتحاد نہیں بنے گا تاہم ہمارا اتحاد اسلامی جمہوریہ پاکستان کو مستحکم کرنے والوں کے ساتھ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پارٹی کو منظم کرنے اورآئندہ انتخابات میں فتح حاصل کرنے کیلئے آپس میں اتحاد رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ آئندہ الیکشن میں اپنے موجودہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر حصہ لے گی۔