انتخابات میں پیپلزپارٹی سے ڈیل کی بجائے موجودہ حکمران اتحاد کو ہی مضبوط بنایا جائے گا ،محمد علی درانی ، اپوزیشن پر واضح ہوگیا تبدیلی صرف عوامی ووٹ سے ہی آئے گی، اسمبلیاں وقت سے پہلے ہی ٹوٹ جانے کا وقت گزر گیا ،وزیر اطلاعات کی نجی ٹی وی سے بات چیت

اتوار 22 اکتوبر 2006 20:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر۔2006ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین سے ڈیل کی بجائے موجودہ حکمران اتحاد کو ہی مضبوط بنایا جائے گا حکومت چھوٹے گروپوں کو قومی دھارے میں لانا چاہتی ہے اپوزیشن پر واضح ہوگیا کہ تبدیلی صرف عوامی ووٹ سے ہی آئے گی انتخابات میں دھاندلی ہرگز نہیں ہوگی اب وہ وقت نہیں رہا جب اسمبلیاں وقت سے پہلے ہی ٹوٹ جاتی تھیں اتوار کو ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین سے ڈیل نہیں کریں گے بلکہ موجودہ حکمران اتحاد کو ہی مضبوط بنایا جائے گا اور اسے مزید وسعت دی جائیگی انہوں نے کہا کہ حکومت چھوٹے قومی گروپوں کو قومی دھارے میں لانا چاہتی ہے اور قوم پرست جماعتوں کو آئندہ حکومت اتحاد کا حصہ بنایا جائے گا محمد علی درانی نے کہا کہ اب اپوزیشن جماعتوں کو اس بات کا احساس ہو چکا ہے کہ اب ملک میں تبدیلی احتجاجوں یا تحریک عدم اعتماد سے نہیں بلکہ عوامی ووٹ کی طاقت سے آئے گی انہوں نے کہا کہ ملک میں آئندہ عام انتخاات صاف اور شفاف ہوں گے اور اپوزیشن جماعتوں سمیت بین الاقوامی مبصرین کو بھی ان کی مانیٹرنگ کرنے کی اجازت دی جائے گی اور انتخابات میں کسی قسم کی دھاندلی نہیں ہوگی وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کے ایسے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جاسکتا جو قانون اور آئین سے بالاتر ہوں انہوں نے کہا کہ وہ دور گزر چکا ہے جب اسمبلیاں وقت سے پہلے ہی ٹوٹ جاتی تھی کیونکہ اب عوام سیاسی استحکام چاہتے ہیں۔