عراق میں‌نامعلوم افرد نے بس قافلے پر حملہ کرکے زیر تربیت پندرہ پولیس اہلکاروں‌کو ہلاک اور پچیس کو زخمی کردیا

اتوار 22 اکتوبر 2006 00:49

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر۔2006ء) عراق میں‌نامعلوم افرد نے بس قافلے پر حملہ کرکے زیر تربیت پندرہ پولیس اہلکاروں‌کو ہلاک اور پچیس کو زخمی کردیا ہے پر تشدد واقعات میں‌ایک یوکرائنی باشندے سمیت چوبیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔عراقی پولیس کے مطابق بغدادکی شرجاہول سیل مارکیٹ میں بم دھماکے سے پانچ افراد مارے گئے۔جس وقت بم دھماکا ہوا مارکیٹ میں لوگوں کی بڑی تعداد عیدالفطرکے لیے سامان کی خریداری میں مصروف تھی۔

بغداد ہی کی الرشید اسٹریٹ پر بم دھماکے میں دوافراد ہلاک ہوگئے ۔بم کو کارکے نیچے چھپایاگیاتھا۔بغداد میں فائرنگ کے دومختلف واقعات میں تین افراد کے مارے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔کوت میں بم دھماکے سے برطانوی کمپنی کے لیے کام کرنے والا ایک یوکرائنی باشندہ ہلاک ہوگیا۔

(جاری ہے)

بغدادسمیت عراق کے مختلف شہروں سے چار افرادکی لاشیں ملی ہیں۔

ان تمام افرادکو تشددکے بعد ہلاک کیا گیاتھا۔ادھرعراقی وزارت دفاع نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران انتیس مزاحمت کاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیاہے۔دوسری جانب برطانیہ کے وزیر دفاع ڈیس براون نے کہا ہے کہ جب تک ضروری ہوگا برطانوی افواج عراق میں قیام کریں گے۔ادھرامریکہ کے ایک سینئر سفارت کارالبرٹو فرنانڈیز نے کہا ہے کہ امریکہ نے عراق میں ‌تکبر اور حماقت کا مظاہرہ کیا ہے۔بغداد سے ایک عرب ٹیلی ویژن کو دیئے جانے والے انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ اگر عراق میں جاری تشدد پر قابو نہ پایا گیا تو اس سے علاقہ کے دیگر ممالک بھی اس کی زد میں آ سکتے ہیں

متعلقہ عنوان :