عراق، تشدد کے مختلف واقعات میں مزید 7 افراد ہلاک،ہماری خواہش ہے کہ عراقی حکومت جلد از جلد اپنے پاؤں پر کھڑی ہو جائے، عراق میں مشن کی تکمیل تک فوجیں واپس نہیں بلائیں گے ،امریکی سفیر زلمے خلیل زاد کی پریس کانفرنس

منگل 24 اکتوبر 2006 19:54

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اکتوبر۔2006ء) عراق میں تشدد کے مختلف واقعات میں مزید 7 افراد ہلاک ہو گئے۔ منگل کو رمادی میں سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے 3 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ عمارہ میں 2 افراد فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے۔ کرکوک میں ایک گاڑی پر راکٹ لگنے سے 2 افراد ہلاک جبکہ 2 شدید زخمی ہو گئے۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ راکٹ صدام حسین کے حامیوں نے فائر کیا ہے ادہر امریکہ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ اتحادی افواج بتدریج اپنے ہدف کی طرف بڑھ رہی ہیں اور آہستہ آہستہ کامیابیاں حاصل ہونا شروع ہو گئی ہیں۔

منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر زلمے خلیل زاد نے کہا کہ عراق میں مکمل کامیابی ممکن ہے تاہم اس کے حصول میں مزید وقت لگے گا۔ زلمے خلیل زاد نے کہا کہ یہ قابل اعتماد بات ہے کہ عراقی رہنما سیکیورٹی اور اقتصادیات کے معاملات سنبھالنے کیلئے تیار ہیں ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ وہ آئین میں تبدیلی ‘ متحارب دھڑوں کے خاتمے اور تیل کے نئے قوانین مرتب کرنے پر بھی رضا مند ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امیدہے کہ ایک سال کے دوران عراق میں امن و امان اور سیاسی استحکام کے حوالے سے اہم پیش رفت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ عراقی حکومت جلد از جلد اپنے پاؤں پر کھڑی ہو جائے اس سلسلے میں ان سے ہر ممکن مدد کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسائل کے حل کیلئے عراقی قیادت کو مشکل سیاسی فیصلے کرنے پڑیں گے۔انہوں نے تسلیم کیا کہ عراق مین امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ امریکہ مشن کی تکمیل تک عراق سے واپس نہیں آئے گا۔

متعلقہ عنوان :