مسئلہ کشمیر کا حل عوام کی مرضی کے برعکس ممکن نہیں۔ پاکستان جوہری طاقت ہے‘ دفاع مضبوط‘ معیشت مستحکم ہے‘ دشمن میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکتا،حکومت زلزلہ زدہ علاقوں کی بحالی کیلئے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائے گی‘ شوکت عزیز کا آزاد کشمیر کے دورہ کے موقع پر متاثرین زلزلہ سے خطاب‘ زخمیوں کی عیادت

جمعہ 27 اکتوبر 2006 11:38

مظفر آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین27اکتوبر2006) وزیراعظم شوکت عزیز نے واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا وہی حل قابل قبول ہوگا جو کشمیری عوام کی مرضی اور خواہشات کے مطابق ہو‘ پاکستان جوہری طاقت ہے‘ ملکی دفاع مضبوط اور معیشت مستحکم ہے‘ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی‘ حکومت زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الفطر کے موقع پر متاثرین زلزلہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے سلسلے میں اپنے دورہ آزاد کشمیر کے دوران مظفر آباد میں نٹرول خیمہ بستی کے دوران اور ایمز میں زخمیوں کی عیادت کے موقع پر کیا اس موقع پر صدر آزاد کشمیر راجہ ذوالقرنین خان‘ وزیراعظم سردار عتیق احمد خان اور وزراء بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا کہ آٹھ اکتوبر کے زلزلے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا حکومت پاکستان متاثرہ علاقوں کی بحالی و تعمیر نو کے لئے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائے گی اس سلسلے میں کسی قسم کی کمی نہیں ہونے دیں گے انہوں نے کہا کہ آنے والی سردیوں سے قبل متاثرین کو عارضی شیلٹرز مہیا کئے جائیں گے تاکہ وہ سردی سے محفوظ رہ سکیں انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی کاوشوں سے بیرونی ممالک نے ساٹھ ارب روپے کی کیش گرانٹ متاثرین کے لئے امداد کے طور پر مہیا کی حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی ‘ بھائی چارے کے حوالے سے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں تعلیم‘ صحت اور دیگر شعبوں میں میگا پراجیکٹس شروع کئے جائیں گے آزاد خطہ میں سیاحت اور ہائیڈرل کے شعبے میں صلاحیت موجود ہے ان سے بھرپور استفادہ کرنے کے لئے سرمایہ کاری کی جائے گی تاکہ آزاد کشمیر کی معیشت مضبوط و مستحکم ہوسکے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اور ہم ایک ہیں ہماری رگوں میں ایک جیسا خون دوڑ رہا ہے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مثبت کوششیں جاری ہیں کشمیری عوام اپنا حق لے کر رہیں گے انہوں نے کہا کہ مملکت پاکستان اس وقت بڑی آزمائش سے گزر رہی ہے انشاء الله تعالیٰ صدر پاکستان کی ولولہ انگیز قیادت‘ قومی یکجہتی‘ اتحاد و اتفاق سے ہم تمام تر چیلنجوں سے عہدہ برآ ہوں گے وزیراعظم نے متاثرین میں امدادی چیک بھی تقسیم کئے اور ایمز میں جا کر مختلف وارڈز میں زیر علاج زخمیوں اور دیگر مریضوں کی عیادت کی وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر یوں کا پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ درست تھا اور وقت نے ثابت کردیا کہ کشمیری عوام نے اپنی منزل کا تعین عقیدے اور نظریے کے مطابق درست سمت پر کیا انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف وزیراعظم شوکت عزیز پاکستانی افواج پاکستانی عوام نے آٹھ اکتوبر کے زلزلے کے موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں کی بھرپور امداد و بحالی کرکے ہمارے دل جیت لئے اور ہم اس بات پر فخر کرسکتے ہیں کہ ہم نے پاکستان کی خاطر جو قربانیاں دیں ہیں وہ رائیگاں نہیں گئیں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کو فلاحی ریاست بنایا جارہا ہے اور عوام کو پہلے سے زیادہ سہولیات فراہم کی جارہی ہیں عوام کو چاہئے کہ وہ حکومت کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ ہم اپنے مقاصد میں کامیاب ہوسکیں۔