بھارت اور پاکستان کو ملکر امن کا ماحول قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ ، ممبئی بم دھماکوں کے ثبوت جلد ہی پاکستان کے حوالے کریں گے‘ملک میں شدت پسندی کو بڑھاوا دینے میں بنگلہ دیش کا ہاتھ ہے‘ عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 27 اکتوبر 2006 13:39

نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین27اکتوبر2006) بھارت کے نئے وزیر خارجہ پرنب مکھرجی نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کو ایک ساتھ مل کر امن کا ماحول قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ بھارت کی سکیورٹی ایجنسیوں نے گزشتہ جولائی ممبئی میں ہوئے بم دھماکوں میں پاکستان کا ہاتھ ہونے سے متعلق بعض ثبوت جمع کیے ہیں اور بھارت جلد اس سلسلے میں اسلام آباد سے بات چیت کرے گا۔

وہ اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد نئی دہلی میں اپنی پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے بھارتی وزیر خارجہ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان امن کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے پڑوسی ملک کو بدل تو نہیں سکتے ہیں، اس لیئے بہتر یہی ہوگا کہ دونوں ممالک امن کا ماحول قائم کریں-بنگلہ دیش کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مسٹر مکھرجی نے الزام لگایا کہ ملک میں جاری شدت پسندی کو بڑھاوا دینے میں بنگلہ دیش کا ہاتھ ہے -ہم بنگلہ دیش سے زور ذبردستی کرکے شدت پسندی پر قابو نہیں پاسکتے ہیں-ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش اور بھارت کے خارجہ اور داخلہ سیکریٹریز پہلے ہی اس بارے میں بات چیت کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

مسٹر مکھرجی نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش کی وزیراعظم جب بھارت آئی تھیں تو اس وقت بھی بھارت کے وزیراعظم نے ان سے اس بارے میں بات چیت کی تھی۔ بھارت نے بنگلہ دیش سے شدت پسندی پر قابو پانے کے لیئے تعاون کا مطالبہ کیا تھا۔ مکھرجی کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی اقتصادی ترقی کے لیئے پوری دنیا میں امن کی بحالی بے حد ضروری ہے۔گزشتہ روز پرنب مکھرجی کو ملک کا نیا وزیر خارجہ مقرر کیا گیا تھا۔ یہ عہدہ نٹور سنگھ کو ہٹائے جانے کے بعد سے خالی تھا۔ مکھرجی وزیراعظم منموہن سنگھ کی کابینہ میں وزیر دفاع کے طور پر کام کر رہے تھے۔