ارزگان میں بم دھماکہ‘ 14 افغان شہری ہلاک‘ متعدد زخمی،قندھار میں پچھلے ایک ہفتے کے دوران 12 عام افغان شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق،نیٹو فورسز جان بوجھ کر افغان باشندوں کو نشانہ بنا رہی ہیں‘ مزاحمت جاری رہے گی۔ ملا داد الله

جمعہ 27 اکتوبر 2006 15:17

ترنکوٹ+کابل+سپین بولدک (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین27اکتوبر2006) افغانستان کے صوبہ اورزگان میں بم دھماکے کے نتیجے میں 14 افغان شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے‘ جبکہ نیٹو افواج نے جنوبی صوبے قندھار میں اس ہفتے کارروائی کے دوران بارہ افغان شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے ‘ ادھر طالبان نے کہا ہے کہ نیٹو فورسز جان بوجھ کر عام شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں اور نیٹو افواج سے لڑائی کے دوران عام شہریوں کو بطور ڈھال استعمال کرنے کا الزام مسترد کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صوبہ اورزگان کے گورنر کے ترجمان قیوم قیومی نے بتایا کہ دھماکہ جمعہ کے روز صوبائی دارالحکومت ترنکوٹ میں ہوا ترجمان نے کہا کہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ دھماکہ خودکش تھا یا ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا تھا اور اس بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ بم دھماکے کا ہدف کیا تھا۔

(جاری ہے)

دھماکے میں چودہ عام شہری ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔

بم دھماکے کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ادھر افغانستان میں نیٹو افواج نے اس ہفتے جنوبی صوبے قندھار میں کارروائی کے دوران بارہ افغان شہریوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ کابل میں نیٹو افواج کے ترجمان کیپٹن آندرے سیلوم نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اس ہفتے جنوبی علاقے میں نیٹو کی کارروائی کے دوران ممکنہ طور پر بارہ افغان شہری ہلاک ہوئے تاہم ترجمان نے کہا کہ افغان وزارت دفاع کے ساتھ اس بارے میں مزید تفتیش کی جارہی ہے مقامی افراد کے مطابق منگل کی رات جنوبی صوبہ قندھار میں نیٹو افواج کی بمباری سے ساٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے بعض اطلاعات کے مطابق ان میں کچھ افراد طالبان تھے جبکہ بعض رپورٹوں کے مطابق یہ تمام عام افغان شہری تھے تاہم نیٹو نے بتایا کہ لڑائی میں 48 طالبان کو ہلاک کیا گیا۔

دریں اثناء طالبان کمانڈر ملا داد الله نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے نامعلوم مقام سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو افواج افغانستان میں جان بوجھ کر عام شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں انہوں نے بتایا کہ نیٹو فورسز کا یہ الزام غلط ہے کہ طالبان جنگجو نیٹو فوج سے لڑائی کے دوران عام شہریوں کوبطور ڈھال استعمال کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ افغان سرزمین سے غیر ملکی افواج کے مکمل انخلاء تک مزاحمتی کارروائیاں جاری رہیں گی واضح رہے کہ پچھلے ایک ہفتے کے دوران افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں مختلف آپریشنز کے دوران سو کے قریب افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔