روسی کمپنی پاکستان کو سالانہ 3ارب ڈالر کی بجلی برآمد کرے گی

جمعہ 27 اکتوبر 2006 18:19

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین27اکتوبر2006) روس کی ایک کمپنی نے آئندہ 30سال کے لئے پاکستان کو بجلی برآمد کرنے کے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے اور کمپنی نے اس ضمن میں حکومت پاکستان سے بات چیت شروع کردی ہے ۔ باخبر ذرائع کے مطابق روس کی ایک معروف کمپنی انٹر راؤ نے قازقستان اور تاجکستان میں زیر تعمیر بجلی گھروں سے پاکستان کو بجلی برآمد کرنے کی تیاریاں کی ہیں اور پاکستان کی جانب سے مثبت جواب ملنے کے بعد طے شدہ معاہدے کے تحت روسی کمپنی پاکستان کو سالانہ 3ارب ڈالر کی بجلی برآمد کرنا شروع کردے گی ۔

(جاری ہے)

روسی کمپنی کو 30 سال کے دوران اس مد میں تقریباً 9ارب ڈالر کی آمدنی متوقع ہے ۔ ذرائع کے مطابق روسی کمپنی پاکستان میں بجلی گھر کی تعمیر کے منصوبے پر بھی غور کررہی ہے ۔ ذرائع نے بتای اکہ تاجکستان اور قازقستان کے بجلی گھروں کی تعمیر کا کام 2009ء تک مکمل ہوجائے گا اور یہاں سے پاکستان کو بجلی کی برآمدگی کا آغاز آئندہ 6 سال میں کیا جاسکے گا ۔ پاکستان کو بجلی کی فراہمی کے لئے کیبلز افغانستان کے راستے بچھائے جائیں گے اس منصوبے کے تحت پاکستان کو 50تا 60کلو واٹ گھنٹے سالانہ بجلی برآمد کی جائے گی ۔