مقبوضہ کشمیر‘ بھارتی فورسز کی ظالمانہ کاروائیوں میں خاتون سمیت6 کشمیری شہید۔۔ مجاہدین کے حملوں میں انسپکٹر سمیت 3 بھارتی فوجی ہلاک‘ فوجی گاڑی تباہ‘ بھارتی فوج کی انتقامی کاروائی اور فائرنگ سے 40 شہری زخمی‘سوپور میں مظاہرے‘

اتوار 29 اکتوبر 2006 12:40

سرینگر + اودھم پور (اُردوپوائنٹ تازہ ترین۔ 29اکتوبر 2006ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز اور مسلح ایجنٹوں نے فائرنگ اور دھماکوں میں ایک خاتون سمیت مزید 6 کشمیریوں کو شہید کر دیا مجاہدین کے حملوں میں انسپکٹر سمیت تین فوجی ہلاک ہو گئے سرینگر میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر کو بموں سے اڑانے کی کوشش کی گئی جبکہ سوپور میں گرینڈ حملے میں بھارتی فوج کی گاڑی تباہ ہو گئی مہور میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں خاتون شہید جبکہ گاندر بل میں کھلونا بم پھٹنے سے بچہ معذور ہو گیا سنبل میں بھارتی ایجنٹوں نے تین مکانوں کو نذر آتش کر دیا بارہمولہ کے سوپور قصبے میں مجاہدین نے گرنیڈوں سے حملہ کر کے ایک انسپکٹر سمیت دو بھارتی فوجیوں کو ہلاک اور پانچ کو زخمی کر دیا جبکہ حملے میں 45 بٹالین بی ایس ایف کی جپسی گاڑی تباہ ہو گئی بھارتی فوجیوں نے انتقامی کاروائی کرتے ہوئے اندھا دھند گولیاں چلا کر 40شہریوں کو زخمی کر دیا زخمیوں میں سے ایک شہری 55 سالہ خضر محمد ولد عبدالعزیز ساکن ربن سوپور زخموں کی تاب نہ لا کر صدر ہسپتال سرینگر میں شہید ہو گیا اطلاعات کے مطابق 14 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے بھارتی فورسز کی کاروائی کے خلاف سوپور میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں اودھم پور ضلع کے مہور علاقے میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں خاطرالدین کی بیوی شریفہ شہید اور ایک کم سن بچہ زخمی ہو گئے سرینگر کے گاندر بل علاقے میں کھلونا بم پھٹنے سے وسن گاندربل کے رجب شیخ کا چودہ سالہ لڑکا مدثر معذور ہو گیا سرینگر کے ٹینکی پورہ علاقے میں مجاہدین نے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کو دھماکوں سے اڑانے کی کوشش کی ان دھماکوں میں کسی جانی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی- مقبوضہ پونچھ میں تعینات بھارتی فوج کی بہار رجمنٹ کے اہلکاروں نے ایک عیسائی فوجی پیٹر جان کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیاجس کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے بھارتی فورسز نے پونچھ کے مینڈھر علاقے میں ایک فرضی جھڑپ کے دوران تین نوجوانوں کو شہید کر دیا جس کے خلاف مقامی آبادی نے مظاہرے کئے دریں اثناء بھارتی ایجنٹوں نے سودی ناری سنبل میں تین رہائشی مکانوں کو آگ لگا کر خاکستر کر دیا-