مقبوضہ کشمیر‘ پلوامہ اور بھدرواہ میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف مظاہرے،بھارتی فورسز اور ایجنٹوں نے مزید 4 کشمیری شہید کر دیئے‘ اودھمپور میں بھارتی فوجی نے فائرنگ کر کے ایک ساتھی کو ہلاک اور دوسرے کو شدید زخمی کر دیا

پیر 30 اکتوبر 2006 12:29

سرینگر+ بھدرواہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین30اکتوبر2006 ) بھارتی فورسز اور مسلح ایجنٹوں نے ظالمانہ کاروائیوں میں مزید چار کشمیریوں کو شہید کر دیا بھارتی ایجنٹوں نے پلوامہ کے گاؤ ں سے اغواء کرنے کے بعد اسے ذبح کر دیا مینڈھر میں لشکر طیبہ کے ایریا کمانڈر سمیت تین مجاہدین کو فرضی جھڑپ میں شہید کرنے کاد عوی کیا گیا ضلع پلوامہ کے راج پورہ علاقے کے یارون دیہات میں بھارتی ایجنٹوں نے 24 سالہ محمد اقبال میرولد محمد افضل کو اس کے گھر سے اغواء کرنے کے بعد ذبح کر کے شہید کر دیا محمد اقبال کی سر کٹی لاش یارون جنگلات سے برآمد کر لی گئی بھارتی فورسز نے حزب المجاہدین پر نوجوان کو ہلاک کرنے کا الزام لگایا تاہم کسی جہادی تنظیم نے اس ہلاکت کی ذمہ داری قبول نہیں کی مقامی آبادی نے بھارتی ایجنٹوں پر نوجوانوں کو اغواء کے بعد قتل کرنے کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا ہے دریں اثناء اودھمپور کے فوجی کیمپ میں مزید ایک فوجی کو اس کے ساتھ نے گولیاں مار کر ہلاک اور ایک کو زخمی کر دیا اطلاعات کے مطابق سگنل رجمنٹ کا حوالدار پدماراجن ہلاک اور بلوان سنگھ شدید زخمی ہوا اطلاعات کے مطابق ایک فوجی سریش چندر ساکن اجمیر جموں دہلی ہائی وے پر مردہ پایا گیا بھارتی فورسز نے مینڈھر پونچھ کے کیلری علاقے میں ایک فرضی جھڑپ میں لشکر طیبہ کے ایریا کمانڈر میر محمد عرف لادن ‘ ارشاد اور ابو خالد نامی تین نوجوانوں کو شہید کر دیا بھارتی فوج نے ضلع بارہمولہ کے اوڑی علاقے میں جنگ بندی لائن پر آزاد کشمیر سے مقبوضہ علاقے میں داخل ہونے والے ایک جوڑے محمد اختر ساکن سری پورہ بارہمولہ اور اس کی اہلیہ معروضہ بیگم کو گرفتار کر لیا وہ مظفرآباد کے امبور مہاجر کیمپ میں مقیم تھے اور جنگ بندی لائن عبور کر کے مقبوضہ علاقے میں داخل ہو گئے دریں اثناء ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ علاقے میں مقامی آبادی نے بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے مظاہرین نے الزام لگایا کہ ٹاسک فورس علاقے کے عوام کو ہراساں کر رہی ہے مظاہرین نے کہا کہ غلام نبی آزاد کی حکومت کو بھارتی فورسز پر کوئی کنٹرول نہیں اور فورسز اہلکار نہتے افراد کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں-