صدر مملکت نے وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب کی موجودگی میں غازی بھروتا پراجیکٹ سے اسلام آباد کو پانی مہیا کرنے کے عوض صوبے کو معاوضے دینے کی یقین دہانی کرائی ہے ،وزیر اعظم وعدے کے مطابق صوبے کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا معاوضہ جلد از جلد ادا کریں ۔وزیر اعلی سرحد

پیر 30 اکتوبر 2006 16:51

پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین30اکتوبر2006 ) وزیر اعلی سرحد اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ غازی بھروتا پراجیکٹ سے اسلام آباد اور راولپنڈی کو پانی مہیا کرنے کے منصوبے سے صوبے کو سالانہ خطیر رقم ملے گی اور اس کی یقین دہانی صدر مملکت نے وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب کی موجودگی میں کرائی ہے جبکہ سیلابوں سے ہونے والے نقصانات کے معاوضے کے طور پر وزیر اعظم نے جو وعدے کئے تھے ان کو جلد از جلد ایفاء کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرحد اسمبلی میں بارشوں اور سیلابی ریلے سے ہونے والے تباہی پر عام بحث میں اٹھائے گئے مختلف نکات کا جواب دینے کے دوران کیا وزیر اعلی سرحد نے کہا کہ سرحد میں تین سال قبل پہلے برف باری ہوئی پھر سیلاب ،پھر زلزلہ اور پھر سیلابوں نے تباہی مچائی انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب کسی کو ریلیف ملتی تھی تو اس سے بھول چکا ہوتا کہ اسکا کچھ نقصان بھی ہوا تھا ہم نے اس عمل کو تیز کیا اور ایک دو ہفتوں کے اندر اندر ریلیف متاثرہ افراد تک پہنچائی انہوں نے کہا کہ مقامی ایم پی اے کے ذریعے امداد کی تقسیم یقینی بنائی پہلے مرنے والے کو پچاس ہزار روپے ملتے تھے اسے ہم نے ایک لاکھ روپے کردیا،زخمیوں کی رقم پچاس ہزار تک بڑھا دی اسی طرح بڑے مویشیوں کی رقم 3ہزار سے بڑھا کر دس ہزار اور چھوٹے مویشیوں کا معاوضہ پانچ سو سے بڑھا کر تین ہزار روپے کردیا گیا مکمل تباہ ہونے والے گھروں کا معاوضہ25ہزار روپے جبکہ جزوی تباہ ہونے والوں کا معاوضہ دس ہزار کیا جو کہ پہلے صرف پانچ ہزار روپے تھا انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلابوں کی بڑی وجہ تجاوزات ہیں اس لئے صوبائی حکومت نے تمام ضلعی حکومتوں کو ھدایات جاری کیں کہ وہ پانی کی گذرگاہوں کے کنارے قائم تجاوزات ختم کردیں اور جن لوگوں کے مکانات ہیں ان کو حکومت کی جانب سے تین مرلہ زمین اور 25ہزار روپے ادا کئے جائیں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے مردان کے دورے کے موقع پر وعدہ کیا تھا کہ وہ مکانات کے نقصانات کا ازالہ کریں گے جو کہ 56کروڑ روپے بنتا ہے اسی طرح وزیر اعظم نے سیلابوں اور بارشوں سے سرکاری انفراسٹکچر کو پہنچنے والے نقصان کا نصف ادا کرنے کا وعدہ کیا تھا جو کہ مجموعی طور پر دو ارب پچاس کروڑ روپے بنتے ہیں ہمارا وزیر اعظم سے مطالبہ ہے کہ یہ فوری طور پر ادا کی جائے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے عید سے قبل یہ رقم بھجوانے کا وعدہ کیا تھا تاھم ابھی تک وہ اس وعدے کو پورا نہیں کرسکے اس لئے اس اسمبلی کے ذریعے ہم ان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ 56کروڑ روپے اور ایک ارب 25کروڑ روپے جلد از جلد صوبے کو ریلیز کریں انہوں نے ایوان کو یقین دلایا کہ اگر مرکزی حکومت نے مکانات کے نقصان کا معاوضہ ادا نہیں کیا تو سرحد حکومت اپنے وسائل سے اسے مہیا کرے گی انہوں نے کہا کہ اب تک سرحد حکومت سیلاب سے متاثرہ نقصانات کے ازالے کے لئے ضلعوں اور محکموں کو ایک ارب پچاس کروڑ روپے بھجواچکی ہے انہوں نے کہا کہ وہ آج پھر وزیر اعظم سے نقصانات کا ازالہ کرنے کا وعدہ پورے کرنے کے لئے رابطہ کریں گے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سیلاب سے متاثرہ دکانوں کے مالکان کو ایک لاکھ روپے ادا کرے گی انہوں نے کہا کہ سیلاب کے متاثرین کو امداد پہنچنے کے تمام اختیارات ناظمین کو سونپے گئے اور اس میں ہم نے کسی قسم کی سیاسی وابستگی کو روا نہیں رکھا انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے کرپشن کی ہو ان کے پیٹ سے عوامی پیسہ نکالیں گے اس بارے میں اگر کسی رکن کے پاس ثبوت ہو وہ ہمیں دیں ہم انسپکشن ٹیم کے ذریعے کاروائی کریں گے اور ذمہ دار عناصر کو سزا دینے سے دریغ نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو قرضوں اور دیگر ٹیکسوں میں چھوٹ دینے کی کوشش بھی کی جائے گی غازی بھروتا پراجیکٹ سے اسلام آباد اور راولپنڈی کو پانی دینے کے منصوبے کے بارے میں وزیر اعلی نے ایوان کو بتایا کہ اس بارے میں انہوں نے صدر مملکت جنرل پرویز مشرف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں جس میں وزیر اعظم شوکت عزیز اور وزیر اعلی پنجاب خوہدری پرویز الہی بھی موجود تھے سے بات کی اور انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آپ تمام دستاویزات لائیں جو صوبے کا حق بنتا ہے وہ دیں گے انہوں نے کہا کہ جس کو ہمارے پانی کی ضرورت ہوگی ہم مہیا کریں گے تاھم اس کا معاوضہ ہم لیں گے انہوں نے کہا کہ گلیات میں پانی کا شدید مسئلہ ہے اور وہاں کا تمام پانی مری کو مہیا ہورہا ہے اس بارے میں بھی ہم نے کمیٹی قائم کی ہے پہلے ہم اپنے عوام کی ضروریات پوری کریں گے اس کے بعد ودسروں کو پانی دینگے ۔