سپریم کورٹ نے حلقہ پی پی 90 جھنگ میں حکمران جماعت کے امیدوار امتیاز لالی کو نااہل قرار دے دیا،حلقے میں نئے انتخابات کرانے کا حکم،مسلم لیگ (ن) کے امیدوار غلام محمد لالی کی درخواست بھی خارج

منگل 31 اکتوبر 2006 18:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اگست۔2006ء) عدالت عظمیٰ نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 90 جھنگ میں حکمران جماعت کے کامیاب امیدوار امتیاز لالی کو نااہل قرار دیتے ہوئے نئے انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار غلام محمد لالی کی درخواست بھی خارج کر دی گئی ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ، جسٹس محمد نواز عباسی اور جسٹس سید سعید اشہد پر مشتمل 3 رکنی بنچ نے منگل کو دونوں امیدواروں کی رخواست کی سماعت کی۔

امتیاز لالی نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی تھی جبکہ غلام محمد لالی نے مذکورہ امیدوار کی نااہلی کے بعد ایم پی اے قرار دینے کی درخواست دی ہوئی تھی۔ امتیاز لالی کی طرف سے سابق گورنر پنجاب شاہد حامد جبکہ غلام محمد لالی کی طرف سے وسیم سجاد ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خادم حسین قیصر بھی پیش ہوئے۔

حکمران جماعت کے امیدوار کے کاغذات ریٹرنگ آفیسر نے مسترد کر دئیے تھے بعد ازاں الیکشن ٹربیونل نے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی تھی جس پر امتیاز لالی نے الیکشن جیت لیا تو مخالف امیدوار نے اس کے خلاف درخواست الیکشن ٹربیونل میں دی کہ حکمران جماعت کا مذکورہ امیدوار پولیس میں غلط روئیے کی وجہ سے نکالا جا چکا ہے الیکشن ٹربیونل نے مذکورہ امیدوار کونااہل قرار دے دیااس کے بعد امتیاز لالی سپریم کورٹ آ گیا جس پر عدالت عظمیٰ نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف حکم امتناعی جاری کر دیا تھا۔

گزشتہج روز سماعت کے دوران امتیاز لالی کے وکیل شاہد حامد ایڈووکیٹ نے عدالت کوبتایا کہ درخواست گزار نے استعفیٰ دیا تھا اسے نوکری سے نہیں نکالا گیا تھا۔ علاوہ ازیں اس کے مخالف امیدوار نے یہ غلط درخواست دی ہے۔ ملزم محمد لالی کے وکیل وسیم سجاد نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ حکمران جماعت کے امیدوار کو پولیس نے غلط کاموں کی وجہ سے نکال دیا تھا۔ اب جبکہ ہائی کورٹ اسے نااہل قرار دے چکی ہے لہذا درخواست گزار کو ایم پی اے قرار دیا جائے۔ تاہم عدالت عظمیٰ نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد دونوں امیدواروں کی درخواستیں خارج کرتے ہوئے جھنگ کے حلقہ پی پی 90 میں نئے انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :