عراق،بم دھماکوں، جھڑپوں اور فائرنگ کے واقعات میں 2 پولیس افسران سمیت 13 ہلاک، 4 لاشیں برآمد،40 سے زائد افراد کی اغوائیگی کی تصدیق، شادی کی تقریب میں دھماکے سے ہلاکتوں کی تعداد 23 ہو گئی۔اپ ڈیٹ

بدھ 1 نومبر 2006 20:46

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1نومبر۔2006ء) عراق میں بم دھماکوں، جھڑپوں اور فائرنگ کے واقعات میں 2 پولیس افسران سمیت 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ جبکہ مزید 4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس نے گزشتہ روز تکریت سے بغداد جانے والے 40 سے زائد مسافروں کی اغوائیگی کی تصدیق کر دی اور شادی کی تقریب میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 23 ہو گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کے روز بغداد کی ایک مرکزی مارکیٹ میں کار بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ پولیس لیفٹیننٹ علی حسن نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ دھماکے میں بہت سے افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر دیوانیہ میں مسلح افراد نے امریکی فوج کے لئے ترجمانی کرنے والے ایک عراقی کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

گزشتہ چند دنوں میں قتل ہونے والا یہ دوسرا ترجمان ہے۔ جبکہ گزشتہ ہفتے ایک ترجمان کو اغواء کر لیا گیا تھا جو تاحال لاپتہ ہے۔ بغداد کے مرکزی علاقے میں موٹر سائیکل سوار پولیس اور عزالدین عباس کو مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ پولیس لیفٹیننٹ بلال علی مجید نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ایک پرائیویٹ کار میں سوار مسلح افراد نے موٹر سائیکل سوار پولیس افسر کے قریب آ کر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

جبکہ پولیس لیفٹیننٹ طاہر محمود نے بتایا کہ بغداد کے شمال مشرقی علاقے میں وزارت صنعت کے ملازم نیک کلرک کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ ادھر موصل میں بھی ایک پولیس افسر سمیت 5 افراد کو گولی مار دی گئی۔ موصل پولیس انفارمیشن آفس کے بریگیڈئر سعید احمد نے بتایا کہ مسلح افراد نے 5 افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور پولیس کو ایک لاش ملی ہے جسے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ہلاک کیا گیا تھا۔ جبکہ بغداد کے مشرقی اضلاع سے مزید 3 لاشیں ملی ہیں۔ جبکہ پولیس نے گزشتہ روز ترمیہ میں 40 سے زائد افراد کی اغوائیگی کی تصدیق کر دی۔ جبکہ بغداد میں شادی کی ایک تقریب میں ہونے والے خود کش بم حملے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 23 ہو گئی۔