عراق میں فائرنگ اور بم دھماکے ، پانچ امریکی فوجیوں سمیت چھ افراد ہلاک ،بغداد سے چوبیس گھنٹوں کے دوران چھپن لاشین برآمد۔ (اپڈیٹ)

جمعہ 3 نومبر 2006 18:57

بغداد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03نومبر2006 ) عراق میں پر تشدد واقعات کے دوران پانچ امریکی فوجیوں سمیت مزید چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بغداد سے چھپن لاشیں ملی ہیں ۔امریکی فوجی ترجمان کے مطابق بغداد میں سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے ‌چار امریکی فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک امریکی فوجی مغربی صوبے النبار میں مزاحمت کاروں‌کے حملے میں ہلاک ہوا ‌۔

عراق کی وزارت داخلہ کے مطابق بصرہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے جنوبی افریقہ کی سیکورٹی ایجنسی کے گارڈ کو ہلاک کردیا ۔ ادھر بغداد کے مخلتف علاقوں سے پولیس کو چھپن افراد کی لاشیں ملی ہیں ۔عراقی پولیس کے افسر محمد خانون کا کہنا ہے کہ تما م افراد کو تشدد کرکے ہلاک کیا ہے اور انکی عمریں بیس اے پینتالیس سال کے درمیان ہیں ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب امریکی انٹیلی جنس کے ڈائیریکٹر جان نیگروپونٹے غیر اعلانیہ دورے پر بغداد پہنچ گئے ہیں ۔

عراق کے سرکاری تی وی کے ،مطابق امریکی انٹیلی جنس کے سربراہ نے بغداد کے گرین زون میں عراقی وزیر اعظم نوری المالکی سے ملاقات کی ہے تاہم اس کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں ۔ادھر سابق صدر صدام حسین اور انکے ساتھیوں کو دوجیل میں قتل عام کے مقدمے کا فیصلہ اتوار کو سنایا جارہا ہے ۔عراق کے وزیر دفاع عبدالقادر ال عبیدی نے مقدمے کے فیصلے کے موقعے پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام فوج افسران کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں ۔بغداد میں وزیر اعظم نوری المالکی سے ملاقات کے بعد عراقی وزیر دفاع نے تمام فوجی افسران کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے کہا کہ ریزرو فوجیوں کو بھی بارہ گھنٹے کے نوٹس پر بلایا جاسکتا ہے