او آئی سی انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے،صدر مشرف،اسلام امن کا مذہب ہے،انتہا پسند اپنی سرگرمیوں سے مغرب کو غلط تقویت دے رہے ہیں،دنیا کو مسلمانوں کی حقیقت بتانا ضروری ہے،عالمی تنازعات موجودہ دور میں حل نہ ہوئے تو دنیا انتشار کا شکار ہوسکتی ہے،گورننس کو بہتر بنانے کے لئے عوام کو ترقی دینا ہوگی،صدر مملکت کا کنونشن سنٹر میں عالمی اقتصادی فورم سے خطاب

پیر 6 نومبر 2006 12:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6نومبر۔2006ء) صدر جنرل پرویز مشرف نے مسلم دنیا بالخصوص او آئی سی پر زور دیا ہے کہ وہ دنیا میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرے،انتہا پسند مغرب کی اس غلط فہمی کو تقویت دے رہے ہیں کہ اسلام دہشت گردی کا مذہب ہے،دنیا کو اسلام کی حقیقت بتانا ضروری ہے،عالمی تنازعات حل کرنے کے لئے یہ بہترین موقع ہے انہیں اگر حل نہ کیا گیا تو دنیا انتشار کا شکار ہوسکتی ہے،گورننس کو بہتر بنانے کے لئے عوام کو سیاسی طور پر ترقی دینا ہوگی،اسلامی دنیا میں معیار کا عالمی میڈیا موجود نہیں،او آئی سی انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرے،یورپی یونین اور امریکہ فلسطین،عراق اور کشمیر کے تنازعات حل کرائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز کنونشن سنٹر میں عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صدر مشرف نے کہا کہ اس وقت دنیا کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کا سامنا ہے جس پر قابو پانے کے لئے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کو اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے کیونکہ انتہا پسند مغرب کی اس غلط فہمی کو تقویت دے رہے ہیں کہ اسلام دہشت گردی کا مذہب ہے اور مسلمان دہشت گرد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام بھائی چارے کا مذہب ہے یہ دہشت گردی کی نفی کرتا ہے دنیا کو اسلام کی حقیقت بتانے کی ضرورت ہے۔ صدر مشرف نے کہا کہ اسلامی دنیا میں گورننس کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور گورننس کو بہتر بنانے کے لئے عوام کو سیاسی طور پر ترقی دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا اس وقت اسلامی دنیا میں عالمی معیار کا میڈیا نہیں ہے جس کی وجہ سے ہم اپنی بات دنیا میں صحیح طریقے سے نہیں پہنچا سکتے۔

صدر مشرف نے کہا کہ دنیا کے تنازعات حل کرنے کے لئے یہ بہترین موقع ہے اگر اس وقت یہ تنازعات حل نہ کئے گئے تو دنیا میں انتشار پھیل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا میں محرومیوں کو ختم کرنے کے لئے اسے معاشی طور ر مضبوط بنانا ہوگا۔ معیشت کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے تمام جدیدطریقے اپنانے کی ضرورت ہے اگر معیشت کی کارکردگی بہتر ہوگی تو ملک ترقی کریگا۔

صدر مشرف نے کہا کہ اسی طرح انتہا پسندی پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی کو روکنے کے لئے طاقت سمیت تمام طریقے اپنانے کی ضرورت ہے۔ صدر مشرف نے کہا کہ اس سلسلہ میں او آئی سی بہتر کردار ادا کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو بہتر بنانے کے لئے لبرلائزیشن اور ڈی ریگولیشن جیسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مشرف نے کہا کہ یورپی یونین اور امریکہ کو فلسطین،عراق اور کشمیر جیسے معاملات حل کرنے میں کردار ادا کرنا چاہئے کیونکہ وہ بڑی طاقتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک کے مسائل کی وجہ سے دنیا میں امن کو خطرہ ہے۔

متعلقہ عنوان :