مسئلہ کشمیر کے حل میں بھارتی اسٹیبلشمنٹ سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔عمر فاروق

جمعرات 9 نومبر 2006 13:21

سرینگر (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین09نومبر2006 ) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کا یہ بہترین موقع ہے اس کو ضائع نہیں ہونا چاہئے‘ کشمیر کو پس پشت ڈال کر خطے میں امن قائم نہیں کیا جاسکتا‘ بھارت کو زمینی حقائق مدنظر رکھتے ہوئے اس دیرینہ تنازعہ کے حل کیلئے جراتمندانہ فیصلے کرنے ہوں گے‘ مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے صدر جنرل پرویز مشرف کے اقدامات قابل تحسین ہیں‘ تنازعہ کشمیر کے فوری حل کیلئے عالمی برادی کو کردار ادا کرنا چاہئے‘پگواش کے زیر اہتمام انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس تنازعہ کشمیر حل کرنے میں معاون ثابت ہوگی‘مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی حکومت اور فوج کی پالیسیاں مختلف ہیں‘ بھارتی اسٹیبلشمنٹ مسئلہ کشمیر کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

(جاری ہے)

قاہرہ روانگی سے قبل یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر فارق نے کہا کہ وہ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں دس نومبر سے شروع ہونے والی انٹرنیشنل کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ مسئلہ کشمیر پر پگواش نامی تنظیم نے اس سے قبل بھی کئی کانفرنسیں بلائی ہیں جو انتہائی کامیاب رہی ہیں امید ہے قاہرہ کانفرنس بھی کامیاب ہوگی۔ عمر فاروق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے یہ بہترین موقع ہے اس کو ضائع نہیں ہونا چاہئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال کر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا بھارت کو زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے اس تنازعہ کے حل کیلئے جراتمندانہ فیصلے کرنے ہوں گے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے صدر جنرل پرویز مشرف کی پالیسیوں کی تعریف کی اور کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف نے ہر فورم پر کشمیریوں کے کازکی حمایت کی ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی حکومت اور فوج کی پالیسیاں مختلف ہیں اسٹیبلشمنٹ کی الگ پالیسیاں ہیں مسئلہ کشمیر کے حل میں بھارتی اسٹیبلشمنٹ سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔