رواں سال طالبان نے افغان و اتحادی افواج کیخلاف حیران کن حد تک مزاحمت کا مظاہرہ کیا ہے، رچرڈ باؤچر،منشیات کی سمگلنگ سے ملنے والی رقم اور پاکستان کے اندراور باہر کارروائی کرنے کی صلاحیت نے طالبان کی تحریک کو تقویت بخشی ہے، امریکی سفارتخانے میں صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 9 نومبر 2006 22:36

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9نومبر۔2006ء) امریکہ کے نائب وزیر خارجہ برائے وسطی و جنوبی ایشیائی امور رچرڈ باؤچر نے کہا ہے کہ رواں سال طالبان نے افغان و اتحادی افواج کے خلاف حیران کن حد تک مزاحمت کا مظاہرہ کیا ہے۔ حامد کرزئی کے انتظام حکومت کو ملک بھر میں رائج کرنے کے حوالے سے کی جانے والی کوششیں شدید مزاحمت کے باعث مشکلات سے دوچار ہیں۔

طالبان کو منشیات سمگلنگ سے ملنے والی رقم اور پاکستان میں پناہ لینے کی صلاحیت نے تقویت بخشی ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز یہاں امریکی سفارتخانے میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے امریکی نائب وزیر خارجہ نے کہاکہ حکومتی انتظام کو ملک بھر میں رائج کرنے کے حوالے سے ہمیں شدید مزاحمت کا سامنا ہے اور اس سال میں بڑھتے ہوئے تشدد نے ہم سب کو حیران کر دیا ہے اور اس مزاحمت کے پیچھے بہت سے عناصر کار فرما ہیں جن میں سے ایک منشیات کی سمگلنگ سے حاصل ہونے والی رقم ہے اور دوسری پاکستان کے اندر اور باہر ان کی کارروائیاں کرنے کی صلاحیتیں ہیں تاہم ہمیں اس مزاحمت سے نمٹنا ہے۔ باؤچر نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر طالبان کارروائیوں کو روکنے کے لئے فوجی ،اقتصادی اور دیگر اقدامات کر رہا ہے۔