انتخابات میں شکست‘ صدر بش نے عراق جنگ سے متعلق عوام سے تجاویز طلب کرلیں،عراق جنگ امریکی سلامتی کیلئے ضروری ہے۔ عوام کی تجاویز کو نظر انداز نہیں کیا جائیگا،انتخابات کا نتیجہ کچھ بھی ہو ڈیموکریٹس کیساتھ مل کر کام کرینگے‘ عوامی اجتماع سے خطاب۔ صحافیوں سے بات چیت

جمعہ 10 نومبر 2006 12:25

واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین10نومبر2006 ) امریکی کانگریس اور سینٹ کے انتخابات میں ڈیموکریٹس کی جیت کے بعد امریکی صدر جارج بش نے اپنے ایجنڈے میں تبدیلی لاتے ہوئے عراق جنگ سے متعلق امریکی عوام سے تجاویز طلب کی ہیں اور کہا ہے کہ عراق میں دہشت گردوں کو شکست دینے کے لئے عوام کی جانب سے دی گئی تجاویز کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی کانگریس اور سینٹ کے انتخابات کے بعد روز گارڈن میں اپنی پہلی عوامی تقریب میں صدر بش نے انتخابات میں ڈیموکریٹس کی فتح کو تسلیم کیا۔

ڈیموکریٹس نے کانگریس کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ایوان میں بالا میں 51 فیصد نشستیں جیت کر برتری پر ہیں۔ واضح رہے کہ ڈیموکریٹس کو یہ کامیابی بارہ سال بعد ملی ہے۔

(جاری ہے)

صدر بش نے اس موقع پر اپنے ایجنڈے میں نرمی لاتے ہوئے عراق جنگ سے امریکی عوام سے تجاویز طلب کی ہیں اور کہا ہے کہ عراق میں دہشت گردوں کو شکست دینے کے لئے امریکی عوام کی جانب سے دی گئی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا اور ان کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ عراق میں موجود ایک لاکھ پچاس ہزار امریکی فوجیوں کو تحفظ دینے اور دہشت گردوں کے چنگل سے عراقی عوام کو چھڑانے کا ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ڈیموکریٹس کی جیت کے بعد امید ہے کہ عراق سے متعلق پالیسیاں تبدیل نہیں ہوں گی کیونکہ دہشت گردوں کی سرگرمیاں امریکہ اور دنیا کیلئے خطرہ ہے اور اگر ان کو اس کے حال پر کھلا چھوڑ دیا گیا تو دہشت گرد امریکی سرحدوں تک پہنچ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عراق پالیسی میں تبدیلی کے بارے میں کسی بھی تجویز پر غور کیا جاسکتا ہے۔ ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر ملک کے مفاد کیلئے کام کرینگے۔ بعد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عراق جنگ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے بہت اہم ہے تاہم عراق پالیسی میں تبدیلی کے بارے میں کسی بھی تجویز پر غور کیا جاسکتا ہے۔ صدر بش نے ڈیموکریٹس سے اپنی ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ڈیموکریٹس سے تمام معاملات پر اتفاق نہیں کرتے لیکن ملک کے مفاد کیلئے ان سے مل کر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کا مقصد ایک ہی ہے۔ واضح رہے کہ صدر بش کو امریکی ضمنی انتخابات کے موقع پر امریکی عوام کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا تھا امریکی عوام کا خیال ہے کہ عراق اور افغان جنگ سے امریکہ کی سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہوگیا ہے لہذا عراق اور افغانستان سے فوری طور پر فوج کو واپس بلانا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :