سابق اداکار حبیب الرحمٰن کا توہین رسالت کیخلاف احتجاج پر جرمنی میں شہیدکیے جانے والے پاکستانی طالبعلم عامر چیمہ کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان ،فلم میں گانوں کے بجائے نعتیں شامل ہوگی،فلم کو عربی اور دیگر زبانوں میں بھی ’ڈب،کیا جائے گا،حبیب الرحماٰن بی بی سی سے انٹرویو

پیر 13 نومبر 2006 20:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13نومبر۔2006ء) پاکستان کے سابق اداکار حبیب الرحمٰن نے پیغمبر اسلام کے خاکوں کے خلاف احتجاج پر جرمنی کی جیل میں ہلاک ہونے والے پاکستانی طالبعلم عامر چیمہ کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا ہے،جس میں گانوں کی بجائے نعتیں شامل ہوں گی اوراس فلم کے مصنف ظفر اقبال نگینہ ہیں۔ بی بی سی سے با ت چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاعامر چیمہ کی زندگی پر مبنی اس فلم میں گانے نہیں بلکہ نعتیں شامل ہوں گی۔

فلم کے مصنف کے مطابق فلم سازی کے اخراجات حبیب الرحمٰن خود ادا کریں گے اور یہ اردو زبان میں ہوگی۔ ان کے مطابق اس فلم کو عربی اور دیگر زبانوں میں بھی ’ڈب،کیا جائے گا۔ عامر چیمہ کا کردار ادا کرنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کوشش کی جارہی ہے کہ ان کا کوئی ہم شکل ملے۔

(جاری ہے)

فلمساز کا کہنا ہے کہ ان کی کوشش ہوگی کہ عامر چیمہ کی پہلی برسی کے موقع پر یہ فلم جاری کی جا سکے۔

75 سالہ اداکار حبیب الرحٰمن فلمی صنعت میں چالیس برس سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں اور وہ 60 اور 70 کی دہائیوں کے مقبول ہیرو رہے ہیں۔ ان کی پہلی فلم ’ایاز،تھی جبکہ آخری فلم ہار گیا انسان تھی جو 1978ء میں بنی۔چنانچہ اس سلسلے میں وہ جلد جرمنی جائیں گے اور برلن کی اس جیل میں جہاں عامر چیمہ مرے تھے وہ اس کا بھی معائنہ کریں گے۔واضح رہے کہ عامر سلطان چیمہ جرمنی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے گئے تھے اور جب پیغمبر اسلام کے خاکوں کی اشاعت کا معاملا اٹھا تو انہوں نے مبینہ طور پر ایک جرمن اخبار کے ایڈیٹر کو قتل کی دھمکی دی تھی۔

عامر چیمہ کو اس دھمکی کے بعد اخبار کے دفتر سے گرفتار کیا گیا اور رواں سال مئی کی ابتدا میں ان کے موت کی خبر سامنے آئی۔ جرمن پولیس کے مطابق عامر چیمہ نے خود کشی کی تھی جبکہ ان کے ورثا کا کہنا ہے کہ انہیں قتل کیا گیا تھا۔ عامر عبدالرحمٰن چیمہ کو وزیر آباد کے قصبہ ساروکی میں دفن کیا گیا تو ان کی جنازہ نماز میں ہزاروں افراد شریک ہوئے تھے۔