پی آئی اے کے کپتان کا غیر مسلم فلائٹ اسٹیورڈ کے ہاتھوں دی جانیوالی اشیاء کھانے کا انکار

منگل 14 نومبر 2006 20:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14نومبر۔2006ء) قومی ایئر لائن پی آئی اے کی جدہ سے براستہ لاہور کراچی آنے والی پرواز PK-760 میں غیر مسلم فلائٹ اسٹیورڈ کو کپتان نے سروس فراہم کرنے سے روکتے ہوئے فلائٹ اسٹیورڈ رمیش لعل کے ہاتھ دی جانے والی اشیاء کھانے پینے سے انکار کردیا، جہاز پر موجود سینئر پرسر واجد نے تمام تفصیلات فلائٹ لاگ بک میں درج کردیں، اس سلسلے میں فلائٹ سروس کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ منگل کو قومی ایئر لائن کی پرواز جدہ تا کراچی براستہ لاہور آرہی تھی جہاز کو کپتان ایم شمیم اڑا رہے تھے جبکہ جہاز پر سینئر پرسر واجد سمیت فلائٹ اسٹیورڈ رمیش لعل ڈیوٹی پر تھے چونکہ فلائٹ میں استعمال ہونے والے جمبو جہاز کے اپر ڈیک پر اسٹیورڈ رمیش لعل کی ڈیوٹی لگائی گئی تھی جس کے بعد رمیش لعل اپنی ڈیوٹی انجام دینے کے لئے اپر ڈیک پر پہنچے لیکن انہیں کپتان نے نہ صرف ڈیوٹی دینے سے روک دیا بلکہ رمیش لعل کی فراہم کردہ کھانے پینے کی اشیاء بھی استعمال کرنے سے انکار کردیا، صورتحال کے پیش نظر فلائٹ سینئر پرسر واجد نے رمیش لعل کی ڈیوٹی اپر ڈیک سے تبدیل کرتے ہوئے واقعے کی تمام تر تفصیلات فلائٹ لاگ بک میں لکھ دی ہے، فلائٹ پرسر نے لاگ بک میں تحریر کیا ہے کہ آئندہ ایسی صورتحال پیش آئے تو اس سے نمٹنے کے لئے بھی ہدایت کی جائے۔

متعلقہ عنوان :