مقبوضہ کشمیر سری نگر میں دھماکے کے بعد بھارتی فورسز کی شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ خواتین سمیت دو افراد زخمی دو گرفتار

علاقے میں مظاہرے اور ہڑتال ،لال چوک کا اچانک محاصرہ پوچھ تاچھ اور تلاشیاں ، رفیع آباد میں بھارتی فورسز کی آپسی لڑائی کے دوران فائرنگ ڈوڈہ میں مجاہدین کی مدد کے الزام میں ویلج ڈیفنس کمیٹی کے دو اہلکار گرفتار

جمعہ 17 نومبر 2006 12:17

سری نگر (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین17نومبر2006 ) مقبوضہ کشمیر میں دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات میں دو بھارتی فوجی اور خواتین سمیت دو افراد زخمی ہوگئے سری نگر میں چھاپوں اور گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے رفیع آباد میں بھارتی فوجیوں نے آپس لڑائی کے دوران ہوائی فائرنگ کی ۔

(جاری ہے)

سری نگر کے ڈاؤن ٹاؤن شہر کے راجوری کدل علاقے میں مجاہدین نے سی آر پی ایف کی 60 بٹالین کی چوکی پر دستی بم سے حملہ کیا جس سے دو اہلکار زخمی ہوگئے بھارتی فورسز نے جوابی فائرنگ میں ایک خاتون سمیت دو افراد کو زخمی کردیا زخمی ہونے والوں میں بیروہ کا غلام نبی بھٹ اور راجوری کدل کی پوشہ بیگم شامل ہیں حملے کی ذمہ داری اسلامک فرنٹ اور جمعیت المجاہدین نے قبول کرلی حملے کے بعد بھارتی فورسز رہائشی گھرو ں میں گئے اور مکینوں پر تشدد کیا دو نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا فورسز کے تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف راجوری کدل نوہٹہ میں ہڑتال کی گئی اور بھارت کے خلاف مظاہرے ہوئے پٹن کے ہانجی ویہ گوپن نامی علاقے میں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا دھماکے کی ذمہ داری حزب المجاہدین نے قبول کرلی سوپور کے نزدیک وترگام میں بی ایس ایف اور مجاہدین کے درمیان جھڑپ ہوئی تاہم اس جھڑپ میں کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے اد ھر بھارتی فورسز نے سری نگر کے مرکزی علاقے لال چوک کا اچانک محاصرہ کرلیا اور لوگوں کی شناخی پریڈ کرائی کورٹ روڈ سے امیر کدل کے علاقے کو بند کرکے لوگوں کی تلاشی لی گئی بھارتی فورسز نے دکانوں کی بھی تلاشی لی کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی البتہ لوگوں کو خوفزدہ کیا گیا جس کے خلاف لوگوں نے احتجاج کیا وتر گام رفیع آباد میں بھارتی فورسز اہلکاروں کے درمیان لڑائی ہوئی اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا اطلاعات کے مطابق ترک پورہ کے بی ایس ایف کی بٹالین کے کیمپ سے جب رفیع آبا د چوک میں تعینات اہلکاروں کیلئے کھانا لایا گیا کھانے کے دوران دال کم پڑنے پر اہلکار آپس میں لڑ پڑے اور ہوائی فائرنگ شروع کردی فائرنگ کے بعد علاقے کے لوگوں نے بھارتی فورسز کے خلاف احتجاج کیا اور علاقے سے کیمپ کی منتقلی کامطالبہ کیا بھارتی پولیس نے مجاہدین کی مدد کے الزام میں ضلع ڈوڈہ میں غلام محمد اور غلام حسن نامی ویلج ڈیفنس کمیٹی کے ممبران کو حراست میں لے لیا ۔