کاشتکاروں کو کھادوں کی کم قیمت پر فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، وزیراعظم شوکت عزیز،کھادوں کی قیمت میں کمی کے فیصلے سے ملک بھر میں کھادوں کی طلب میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے،کھادیں مناسب مقدار میں دستیاب ہیں، قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کیساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی، کھادوں کی پالیسی بارے جائزہ اجلاس سے خطاب

جمعہ 17 نومبر 2006 20:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17نومبر۔2006ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کو کھادوں کی قیمت کم قیمت پر فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ وہ جمعہ کے روز یہاں فرٹیلائزر پالیسی کا جائزہ لینے بارے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی اے پی اور تمام فاسفیٹک اور بوٹاسک کھادوں کی قیمت میں کمی کھادوں کے متوازن استعمال کو فروغ دے گی جس کے نتیجے میں زرعی شعبے کی پیداوار اور کاشتکاروں کی آمدنی بڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کھاد کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں کھادوں کی طلب میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھادیں مناسب مقدار میں دستیاب ہیں اور ڈی اے پی کھادوں کی قیمت میں اضافہ کرنے والوں کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام صوبائی حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ ان قیمتوں کی مانیٹرنگ کے لئے ایک نظام وضع کریں تاکہ کاشتکاروں کو کھادوں کی کم قیمت پر فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر اعظم شوکت عزیز نے کھادوں کی طلب میں اضافے اور ان کی قیمتوں میں کمی بارے حکومتی پالیسی کے نفاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام متعلقہ حلقوں سے کہا کہ وہ مارکیٹ میں کھادوں کی مناسب فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کو بھی کھادوں کی قیمتوں اور سپلائی پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کھاد بنانے والے اداروں سے بھی کہا کہ وہ منافع خور ڈیلروں کے خلاف کارروائی کریں۔

قبل ازیں فرٹیلائزر انڈسٹری کے نمائندوں نے وزیر اعظم کو بتایا کہ حکومت کی طرف سے کھاد کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے سے طلب میں اضافہ ہوا ہے تاہم ملک میں کھادوں کی قلت نہیں اور تمام قسم کی کھادیں ملک بھر میں مناسب مقدار میں دستیاب ہیں۔ اجلاس میں خوراک زراعت کے وزیر سکندر حیات بوسن، چیف ایگزیکٹو ایم ڈی فوجی فرٹیلائزر بن قاسم، ایم ڈی فوجی فرٹیلائزر کمیٹی، سی ای اینگرو کیمیکلز پاکستان لمیٹڈ، سی ای پاک عرب فرٹیلائزر، چیف سیکرٹری پنجاب اور اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :