ملک میں ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت ہے ، وزیراعظم شوکت عزیز

پیر 20 نومبر 2006 19:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر۔2006ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ ملک میں ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا اور ماحولیاتی ٹربیونل و اداروں کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تمام ترقیاتی منصوبوں سے قبل منصوبوں کاماحولیاتی تجزیہ کرایا جائے ۔ وہ وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں غیر سرکاری تنظیم نیشنل فورم فار انوائرنمنٹ اینڈ ہیلتھ کے تیسرے انوائرنمنٹ ایکسی لینس ایوارڈ حاصل کرنے والے مختلف صنعتی و تجارتی اداروں کے اعزاز میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے ماحولیات ملک امین اسلم ، وفاقی سیکریٹری شریف احمد ، فورم کے چیئرمین ڈاکٹرقیصر وحید ، صدر محمد نعیم قریشی ، ندیم شیخ ایڈووکیٹ ، ظہیر بیگ کے علاوہ 22سے زائد نیشنل اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سربراہان و نمائندے بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ پلاسٹک بیگز ماحول کے لئے انتہائی مضر ہے اور اسے بتدریج ختم کرنے کی ضرورت ہے او رصنعتکار اپنے صنعتی فضلے کو سائنسی طریقہ کار کے مطابق ٹھکانے لگائیں ۔

شوکت عزیز نے کہاکہ کراچی کے دونوں جزائر کے متعلق ماحولیاتی خدشات دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں ان جزائر میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے ذریعے اس علاقے میں خوشحالی آئے گی ایسے منصوبے راول ڈیم کے پاس بھی بنارہے ہیں ۔ انہوں نے بہتر ماحول کے لئے متبادل توانائی کی استعمال پر زور دیا ۔ وزیراعظم نے بہتر ماحولیاتی کارکردگی اور قوانین کی پابندی کرنے والے اداروں کی کوششوں کو سراہا اور انہیں ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارک باد دی ۔

وزیراعظم نے صاف پانی کی فراہمی کے لئے کوششوں کو بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پورے ملک میں آلودہ پانی سے سنگین بیماریاں پیدا ہورہی ہیں ۔ اس اجلاس میں نیشنل فورم کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر وحید اور صدر محمد نعیم قریشی نے فورم کی ماحولیاتی کارکردگی سے آگاہ کیا ۔