فلسطینیوں کی چالیس فیصد زمینوں پر یہودی آباد کار قابض ہیں :اسرائیلی جماعت کا دعوی :غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید

بدھ 22 نومبر 2006 13:18

غزہ ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22نومبر2006 ) اسرائیلی بائیں بازو کی جماعت نے دعوی کیا ہے کہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی چالیس فیصد زمینوں پر یہودی آباد کار قابض ہیں اور اسرائیلیوں نے فلسطینیوں کی زمینوں پر ناجائز قبضہ کرکے بستیاں بسائی ہیں ۔ تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے بتایا کہ اسرائیلیوں کی جانب سے بسائی جانے والی ایک سو تیس بستیاں غیر قانونی طور پر نجی فلسطینی املاک پر بسائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اور ہائی کورٹ آف جسٹس کے فیصلے کے باوجود اسرائیلیوں نے فلسطینیوں کی زمینوں پر ناجائز قبضہ کرکے یہ تعمیرات کی گئی ہیں۔ادھر اسرائیل کی سیکیورٹی کابینہ کا اہم اجلاس آج ہو رہا ہے وزیر اعظم ایہود المرٹ کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیلی علاقوں میں راکٹ باری اور فائرنگ کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے اسرائیل کے سرحدی قصبے Sderot میں راکٹ فائر کئے گئے،جبکہ اسرائلی فوج نے تازہ زمینی آپریشن شروع کردیا ہے۔اور غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید ہوگیا