پاک کالونی کے علاقہ میں بد بختوں نے 10 کلام پاک شہید کردیئے

ہفتہ 25 نومبر 2006 14:45

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین25نومبر2006 ) پاک کالونی کے علاقہ میں بد بختوں نے 10 کلام پاک شہید کردیئے۔ جبکہ مجس سے متصل مدرسہ میں غلاظت پھینکنے کی ناپاک جسارت بھی کی جس پر ہفتہ کی صبح علاقہ میں صورتحال کشیدہ ہوگئی اور لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ علاقہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پاک کالونی کے علاقہ میں منگھوپیر پر روڈ پر بسم اللہ مسجد سے متصل 40 سالہ قدیم مدرسہ رحمانیہ میں نامعلوم افراد نے دیواروں، طلباء کی ڈیکسوں اور طاقوں پر غلاظت پھینک دی اور فرار ہوگئے۔

جبکہ انہوں نے 10 کلام پاک کے صفحات بھی شہید کردیئے۔ اس ناپاک جسارت پر علاقہ کے لوگوں کی بڑی تعداد مشتعل ہوکر سڑکوں پر آگئی جس نے نعرے بازی کی۔ اطلاعات کے مطابق واقعہ کے خلاف علاقہ میں احتجاجا دکانیں وغیرہ بند کردی گئیں۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس نے مشتعل افراد کو یہ کہہ کر پرامن رہنے کی اپیل کی کہ اس واقعہ کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے اور واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد ہی گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

پولیس کی اس یقین دہانی پر مشتعل افراد اگر چہ منتشر ہوگئے تاہم علاقہ میں ہفتہ کی صبح بھی صورتحال کشیدہ ہے بازار اور دکانیں بند ہیں جبکہ مکینوں میں شدید اشتعال اور غصہ پایا جاتا ہے جس کے باعث علاقہ میں پولیس گشت میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ علاقہ کے لوگوں نے بتایا کہ تقریبا ڈیڑھ ماہ قبل بھی اس مدرسہ میں ایسا واقعہ ہوا تھا۔

متعلقہ عنوان :