چینی صدر پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن روانہ‘ وزیر اعظم شوکت عزیز ‘ وزیر اعلیٰ و ،گورنرپنجاب نے رخصت کیا،پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جائیگی ‘ چینی صدر کا رائے ونڈ میں ہائیر اینڈ ربا اکنامک زون کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 26 نومبر 2006 14:40

لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین26نومبر2006 ) چینی صدر ہوجن تاؤ پاکستان کے چار روزہ دورے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔ لاہو رکے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر وزیراعظم شوکت عزیز وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی اور گورنرپنجاب خالد مقبول نے انہیں رخصت کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ چینی صدر کو رخصت کرنے کے لئے پنجاب کابینہ کے اراکین ‘ اعلیٰ سول و فوجی حکام بھی ایئر پورٹ پر موجود تھے۔

اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ اس سے قبل چینی صد رنے رائے ونڈ پر چینی سرمائے سے قائم کی جانے والی فیکٹری کادورہ کیا۔ وزیر اعظم شوکت عزیز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چینی صدر نے رائے ونڈ روڈ پر ”ہائراینڈ ربا“ اکنامک زون کا افتتاح بھی کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی صدر نے کہا کہ پاکستان اور چین تعاون کو مزید وسعت دی جاےء گی اور لاہو رمیں چینی سرمائے سے قائم کی جانے والی فیکٹری پاکستان میں صنعتوں کا جال بچھنے کے سلسلے کی کڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کار پاکستان کو معاشی طورپر مضبوط اور مستحکم کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کر کے مختلف شعبوں میں صنعتیں لگا رہے ہیں جس سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی سرمایہ کار پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔