مقبوضہ کشمیر،جھڑپوں میں لشکر طیبہ کے ڈسٹرکٹ کمانڈر سمیت 3 مجاہدین شہید،سرینگر کارگل شاہراہ پر 2 افراد برفانی تودے تلے دب کر جاں بحق،شاہراہ پر سینکڑوں درماندہ مسافروں کا حکومت کے خلاف احتجاج،بانڈی پورہ،پامپور اور ماگام میں بھارتی فوج کے کریک ڈاؤن اور نوجوانوں پر تشدد کے خلاف ہزاروں افراد کے احتجاجی مظاہرے

پیر 27 نومبر 2006 12:24

سرینگر/کارگل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27نومبر۔2006ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے ظالمانہ کاروائیوں میں شہری کے رہائشی مکان کو مارٹر شیلنگ سے تباہ کر دیا جبکہ جھڑپوں میں لشکر طیبہ کے ڈسٹرکٹ کمانڈر سمیت تین مجاہدین شہید ہوگئے بانڈی پورہ،پامپوراور ماگام میں ہزاروں افراد نے کریک ڈاؤن کے دوران بھارتی فوج کے مظالم اور نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے- دو مسافر کارگل سے سرینگر آتے ہوئے برفانی تودے کے نیچے آ کر جاں بحق ہو گئے-سرینگر کے پامپور علاقے میں بھارتی فوج کے ساتھ ایک خونریز جھڑپ کے دوران لشکر طیبہ کا ڈسٹرکٹ کمانڈر سیف اللہ اور ایک مجاہد بلال احمد کھانڈے عرف عمر ساکنہ وین کھریو شہید ہو گئے-بھارتی فوج نے محمد سلطان کھانڈے کا رہائشی مکان مارٹر شیلنگ سے تباہ کر دیا جس کے ملبے سے دو مجاہدین کی سوختہ لاشیں برآمد کر لی گئیں- جھڑپ کے دوران ٹاسک فورس کا ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا بھارتی فوج کے ترجمان کرنل اے کے ماتھر نے دعوی کیا کہ دوہارڈ کور جنگجو جھڑپ میں مارے گئے- ضلع پلوامہ کے شالاتو شوپیاں علاقے میں بھارتی فوج کے ساتھ ایک جھڑپ میں ایک مجاہد شہید ہو گیا اس کی شناخت 15سالہ محمد شفیع کے طور پر ہوئی ہے جو الورہ علاقے سے وابستہ تھا-ادھر ضلع بارہمولہ کے بانڈی پورہ علاقے میں بھارتی فوج نے کھنڈ پورہ اور رامپورہ علاقوں کا تیسرے دن بھی کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے کریک ڈاؤن کے دوران بھارتی فوجی گھروں کی تلاشیا ں لے رہے ہیں اور نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی گئی ہے بانڈی پورہ میں لوگوں نے بھارتی فورسز پر مظالم روا رکھنے کا الزام لگایا اور مظاہرے کئے-اس علاقے میں مجاہدین نے بھارتی فوج کو ایک جھڑپ کے دوران شدید جانی نقصان پہنچانے کے بعد بھارتی فورسز کا محاصرہ توڑ دیا تھا-ضلع بارہمولہ کے مزحمہ ماگام علاقے میں بھارتی فورسز نے محمد خطا گجری کے گھر پر چھاپہ مارا اور اس کے بیٹے منظور احمد کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ گھر میں توڑ پھوڑ کی گئی اس واقعہ کے خلاف ماگام میں ہزاروں لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے اور ٹارچر میں ملوث بھارتی فورسز اہلکاروں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا-سرینگر کارگل شاہراہ پر زوجیلا پاس کو عبور کرتے ہوئے دو افراد برفانی تودے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے-اطلاعات کے مطابق 40 افراد شاہراہ سے گزر رہے تھے جب وہ برف کے نیچے دب گئے 38 افراد بچ کر نکل گئے جبکہ دو جاں بحق ہو گئے-سرینگر اورلے کی 434 کلو میٹر شاہراہ پر سینکڑوں افراد برفانی تودوں میں پھنس چکے ہیں جنہوں نے حکومت کی طرف سے انہیں سہولیات نہ پہنچانے کے خلاف احتجاج کیا-