حکمران درگئی ‘ باجوڑ اور بلوچستان واقعات پر غلطی تسلیم کر کے مستعفی ہو جائیں. شہباز شریف، ملک کی سیاسی صورت حال ابتر ہے‘ قانون اور آئین نام کی کوئی چیز نہیں ‘ حکمرانوں سے نجات اور ملک کو بچانے کیلئے فیصلہ کن تحریک چلانے کا وقت آ گیا ہے. نیو یارک میں صحافیوں سے گفتگو

منگل 28 نومبر 2006 12:29

نیویارک ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین28نومبر2006 ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی صورت حال ابتر ہے ‘ درگئی ‘ باجوڑ اور بلوچستان کے واقعات پر حکمران اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے مستعفی ہو جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی صورت حال انتہائی خراب ہو چکی ہے ملک میں قانون اور آئین نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ درگئی ‘ باجوڑ اور بلوچستان کے واقعات کے بعد پاکستان کا مستقبل حکمرانوں نے داؤ پر لگا دیا ہے۔ موجودہ حکمران مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں ۔ انہیں جلد مستعفی ہوجانا چاہیے۔ شہباز شریف نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ملک کو بچانے کیلئے فیصلہ کن تحریک چلائی جائے۔ اور موجودہ کرپٹ حکمرانوں سے جان چھڑا لی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی اور حقیقی جمہوریت کے قیام کیلئے نئے انتخابات ناگزیر ہوچکے ہیں اور یہ انتخابات نگران حکومت کی موجودگی میں کرائے جائیں تاکہ کامیاب ہونے والی اکثریتی پارٹی کو اقتدار منتقل کیاجائے۔