مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی دہشت گردی‘ دو کشمیری شہید

بدھ 29 نومبر 2006 11:36

سرینگر ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین29نومبر2006 ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے جس دوران مزید 2کشمیری شہید جبکہ بھارتی فوج نے ایک ضلعی کمانڈر سمیت 3 حریت پسندوں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھارتی قابض افواج نے ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ میں آپریشن کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو شہید اور 2 کو گرفتار کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج کے مطابق ہلاک اور گرفتار کئے گئے افراد کا تعلق لشکر طیبہ سے ہے۔ ادہر بارہ مولا میں بھارتی فوج نے ایک 60 سالہ شخص کو گولی مار کر شہید کر دیا۔ کپواڑہ میں ایک گھر کو بھارتی افواج نے بموں سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ سوپور کے علاقے میں بھارتی فوج نے آپریشن کے دوران حزب المجاہدین کے ایک کمانڈر سمیت 3 حریت پسندوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ گزشتہ ایک ہفتے سے ریاست میں پر تشدد کارروائیاں جاری ہیں۔