آزادانہ انتخابات اور الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کی صورت میں پیپلز پارٹی صدر جنرل پرویز مشرف کی بطور صدر موجودگی میں الیکشن لڑ سکتی ہے۔ پیپلز پارٹی

بدھ 29 نومبر 2006 13:34

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین29نومبر2006 ) پیپلز پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ آزادانہ انتخابات اور الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کی صورت میں‌ان کی جماعت صدر جنرل پرویز مشرف کی بطور صدر موجودگی میں بھی انتخابات میں‌حصہ لے سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اے آر وائی ون ورلڈ سے خصوصی گفتگو میں انھوں‌نے مخدوم امین فہیم کے بیان کے حوالے سے کہا کہ اس حوالے سے ان کی جماعت کا موقف ہمیشہ سے واضح ہے ، اور جمہوریت کی بحالی اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے پیپلز پارٹی چھبیس نکاتی ایجنڈا پیش کرچکی ہے۔

ان نکات کی منظوری کی صورت میں‌صدر مشرف کے صدر پاکستان ہوتے ہوئے بھی انتخابات میں‌حصہ لینے میں‌کوئی حرج نہیں۔ انھوں‌نے واضح کیا کہ ان کی جماعت سیاسی عمل کے دوران کسی کو اوپن گرائونڈ نہیں‌دے گی۔ فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی تو سیاسی جماعتوں‌نے صدر مشرف کے صدر ہوتے ہوئے ہی انتخابات میں‌ حصہ لیا تھا۔ انھوں‌نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے آئندہ انتخابات میں‌حصہ لینے کے حوالے سے چھبیس نکاتی ایجنڈا پر عمل اہمیت کا حامل ہے۔