عوام کے حق حاکمیت کی جدوجہد جاری رکھیں گے‘کوئی جماعت حکمرانوں کی ڈوبتی کشتی میں سوار نہیں ہوگی ۔میاں نواز شریف ،حدود بل کا مسئلہ ملک کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے چھیڑا گیا۔مخدوم نذرحسین سے گفتگو

بدھ 29 نومبر 2006 17:02

لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین29نومبر2006 ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کے حق حاکمیت کی جدوجہد ہر حال میں جاری رکھیں گے اسکے راستے میں کوئی دیوار حائل نہیں ہوسکتی۔فوجی حکمرانوں نے ملک کو سیاسی‘معاشی اور نظریاتی لحاظ سے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔حدود بل کا مسئلہ ملک کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے چھیڑا گیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور چیئرمین یونیورسٹی آف کمالیہ مخدوم نذر حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ آج ملک کو عالم اسلام سے علیحدہ کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں پاکستان داخلی اور خارجی سطح پرتنہا رہ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو مہنگائی اور بدامنی کے جال میں بری طرح پھنسا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عام آدمی کی حالت دن بدن ابتر ہوتی جا رہی ہے حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں نے پورے ملک کو درگئی اور باجوڑ بنا دیاہے۔میاں نواز شریف نے کہا کہ ملکی خزانہ دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے اسلام پر بھی سمجھوتہ کر چکے ہیں۔ حقوق نسواں بل اسلام سے متصادم ہے اب یہی بل غیر آئینی حکمرانوں کے خاتمے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عوام اپنی قسمت کی باگ دوڑ جرنیلوں سے چھین لیں اور، ملکی سا لمیت و بقاء کیلئے تمام سیاسی و دینی جماعتیں ایک پلیٹ فارم تلے متحد ہوجائیں۔

میاں نواز شریف نے کہا کہ کوئی جماعت حکمرانوں کی ڈوبتی کشتی میں سوار نہیں ہوگی‘ملک بھر کی جماعتیں حکمرانوں کیخلاف متحد ہوچکی ہیں قوم کو آمریت سے جلد ہی چھٹکارہ مل جائیگا۔اس موقع پر مسلم لیگی رہنمامخدوم نذر حسین نے میاں نواز شریف کو انکی ملک اور قوم کیلئے قربانیوں پرخراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم آپ کیساتھ ہے وہ وقت دور نہیں جب آپ اپنے وطن عزیز میں عوام کے درمیان موجود ہونگے۔

متعلقہ عنوان :