سپریم کورٹ کے حکم پر بلوچستان پولیس نے 49بچوں کو بازیاب اور 10سالہ بچی کے قاتل کو گرفتار کر لیا

جمعرات 30 نومبر 2006 18:24

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین30نومبر2006 ) سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر بلوچستان پولیس نے 49بچوں کو بازیاب اور 10 سالہ بچی کے قاتل کو گرفتار کر لیا ہے۔ بلوچستان کے حوالے سے اخبار میں خبر چھپی تھی کہ 10 سالہ بچی شگفتہ پراچہ ولد ریاض پراچہ سکونتی کوئٹہ کو جون 2006ء میں اغواء کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ اور تین ماہ میں 42بچوں کو اغواء کر لیا گیا ہے جس سے بلوچستان کے عوام میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہو گیاہے ۔

(جاری ہے)

عدالت عظمیٰ نے اس پر از خود نوٹس لیتے ہوئے حکم دیا تھا ۔ بلوچستان پولیس نے عدالت کو بتایا کہ جنوری 2006ء سے ستمبر 2006ء تک 52بچوں کو اغواء کیا گیا تھا جس میں سے 45 بچوں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ چیف جسٹس افتخا رمحمد چوہدری ‘ جسٹس عبدالحمید ڈوگر اور جسٹس سید سعید اشہد پر مشتمل 3 رکنی بنچ نے مقدمے کو نمٹا دیا ہے۔ اور متعلقہ اداروں کو حکم دیا ہے کہ جلد از جلد باقی بچوں کو بازیاب کرایاجائے۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس نے چھوٹی بچی کے قاتل غلام مرتضیٰ کو بھی گرفتار کرنے پر بلوچستان پولیس کی کارکردگی کو سراہاہے۔