مقبوضہ کشمیر‘فرضی جھڑپوں اور دھماکوں میں بھارتی فوج کے کمانڈنگ آفیسر سمیت دو فوجی ہلاک‘حزب المجاہدین کے بٹالین کمانڈر سمیت 4 کشمیر شہید‘لشکرطیبہ کے تین کمانڈروں کی گرفتاری کا دعوی ۔بارہمولہ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں بھارتی فوجی گاڑی کے پرخچے اڑ گئے،سوپور میں نوجوان لڑکی اور بمنہ میں تین معصوم بچوں کے والدین کی گرفتاری کے خلاف ہزاروں افراد کے مظاہرے

جمعہ 1 دسمبر 2006 12:48

سرینگر (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین01دسمبر2006 ) مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارتی فورسز نے ظالمانہ کاروائیوں اور فرضی جھڑپوں میں حزب المجاہدین کے بٹالین کمانڈر سمیت 4 کشمیریوں کو شہید کر دیا-جبکہ مجاہدین نے بارودی سرنگ کے ایک زوردار دھماکے میں بھارتی فوج کے کمانڈنگ آفیسر سمیت دو فوجیوں کو ہلاک جبکہ فوجی گاڑی کو تباہ کر دیا-سوپور میں نوجوان لڑکی اور بمنہ میں تین معصوم بچوں کے والدین کی گرفتاری کے خلاف ہزاروں افراد نے شدید احتجاجی مظاہرے کئے- تفصیلات کے مطابق مجاہدین نے ضلع بارہمولہ کے سنگھ باغ اور خواجہ باغ شاہراہ پر بارودی سرنگ کے ایک زور دار دھماکے میں راشٹریہ رائفلز 46 بٹالین کے کمانڈنگ آفیسر ونکٹارامن کو ہلاک اور تین فوجیوں کو شدید زخمی کر دیاجبکہ بارودی سرنگ کے دھماکے سے فوجی گاڑی کے پرخچے اڑ گئے-پولیس نے فوجی آفیسر کی شدید زخمی ہونے جبکہ ایک اہلکار سوشیل کمار کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے-ضلع بارہمولہ کے سالورہ کریری علاقے میں بھارتی فوج کی 29 آر آر کے اہلکاروں نے ایک فرضی جھڑپ میں نوجوان کو شہید کر دیا-جس کے خلاف پٹن میں لوگوں نے احتجاج کیا تاہم پولیس نے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ مذکورہ نوجوان پاکستانی شہری تھا-بھارتی فوج کی 59 آر آر نے ضلع جموں میں ریاسی کے دیول مہور علاقے میں حزب المجاہدین کے بٹالین کمانڈرشبیر احمد عرف طفیل‘عبدالحمید عرف عاشق اور محمد امین عرف جنید ولد محمد سلطان چوپان ساکنان گلاب گڑھ جموں کو شہید کر دیا-ضلع ڈوڈہ کے ایس ایس پی منوہر سگنھ نے دعوی کیا کہ لشکر طیبہ کے تین کمانڈروں نے پولیس کے آگے سرینڈر کر دیا ہے ان کی شناخت محمد سلیم عرف ابو اسامہ ولد عبدالصمد ساکن ہنزر دچھن‘ نذیر احمد ولد بہادر وانی ساکنہ نوگام مروہ اور ظہور احمد ولد غلام احمد ساکنہ مروہ کے طور پر کی گئی ہے-بیان کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس للت ہندومہانتی نے اس سرینڈر کی نگرانی کی ضلع ڈوڈہ میں بھارتی فوج نے ایک نوجوان غلام علی ڈار ولد عبداللہ ساکنہ خندواہ کو حراست میں لیکر لاپتہ کر دیا جس کے خلاف ڈوڈہ میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے بھارتی فوج نے دعوی کیا کہ اس نے ضلع اودھمپور کے کلاسنت دادو علاقے سے ایک تلاشی آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود کے علاوہ 130 کلو گرام راشن اور چند کمبل برآمد کئے-ادھر سرینگر کے بمنہ علاقے میں لوگوں نے تین معصوم بچوں کے والدین کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے-بھارتی فورسز نے علاقے میں عبدالرؤف اور اس کی جوانسال بیوی کو گرفتار کیا میاں بیوی کے گھر میں ان کے تین معصوم بچوں کے علاوہ کوئی نہیں رہتا جبکہ ایک بچہ گونگا ہے-لوگوں نے اس گرفتاری پر بھارتی فوج کے خلاف اور آزادی کے حق میں مظاہرے کئے پولیس نے میاں بیوی کی گرفتاری کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا ہے سوپور میں تیسرے دن بھی25 سالہ دوشیزہ گلشن دختر غلام احمد چنگا کی بھارتی فورسز کے ہاتھوں گرفتاری اور حراست میں رکھنے کے خلاف مظاہرے کئے-گرفتار لڑکی کے والدین نے ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ بھارتی فورسز ان کی بیٹی کا پتہ بتانے سے ٹال مٹول کر رہے ہیں-