بینظیر اورنواز شریف عوام کے مقبول ترین لیڈر ہیں، عام انتخابات کا اعلان ہوتے ہی واپس وطن پہنچ جائینگے ۔غلام مصطفی کھر

جمعہ 1 دسمبر 2006 13:48

چیچہ وطنی( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین01دسمبر2006 ) سابق گورنر پنجاب و پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ملک غلام مصطفی کھر نے کہا محترمہ بینظیر بھٹو اور میاں نواز شریف پاکستان کی دو بڑی جماعتوں کے قائد اور عوام کے مقبول ترین لیڈر ہیں جو عام انتخابات کا اعلان ہوتے ہی واپس وطن پہنچ جائینگے وہ گزشتہ روز سنٹرل پریس کلب چیچہ وطنی کے پروگرام” تازہ ترین“میں اظہار خیال کر رہے تھے،پی پی پی کی مرکزی رہنما بیگم شہناز جاوید،پنجاب بار کونسل کے رکن چودھری محمد افضل ایڈووکیٹ،سابق صدربار ایسوسی ایشن چودھری محمد اکرم ایڈووکیٹ ،محمد حفیظ منج اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے ،غلام مصطفی کھر نے کہا دو سابق وزرائے اعظم کو مسلسل جلاوطن رکھنا پاکستان یا جمہوریت کی خدمت نہیں قوم کو موجودہ بحرانی صورتحال میں محترمہ بینظیر بھٹو اور میاں نواز شریف کی اشد ضرورت ہے،صدر جنرل پرویز مشرف کی آمرانہ اور غیر جمہوری پالیسیوں سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ، وہ خود تسلیم کرچکے ہیں کہ انکے دور میں فیڈریشن کمزور ہوئی، ایک سوال پر پیپلز پارٹی کے رہنما نے انکشاف کیا کہ فوجی حکمران ملک کے پہلے منتخب وزیرا عظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کے بعد میاں نواز شریف کو بھی ٹھکانے لگانے کا فیصلہ کر چکے تھے مگر سابق وزیراعظم نے عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیرون ملک جانے کا معاہدہ کرکے اپنی زندگی بچائی ، آمر حکومت نے میاں نواز شریف اور انکے خاندان کو زبردستی جلاوطنی اختیار کرنے پر مجبور کیا ، ملک غلام مصطفی کھر کا کہنا تھاکہ فنکشنل مسلم لیگ کے سربراہ پیر صاحب پگاڑا کا وزیر اعظم شوکت عزیز کی موجودگی میں پیپلز پارٹی کی حمایت میں بیان کسی خاص ایجنڈے کاحصہ نہیں بلکہ انہوں نے پیپلز پارٹی کی عوامی قوت کو تسلیم کرکے حقیقت پسندی کا عملی مظاہرہ کیا،پیر صاحب پگاڑا انتہائی تجربہ کار سیاستدان اور ہمارے لئے انتہائی قابل احترام ہیں انہوں نے اپنی سیاسی زندگی کے کئی نشیب و فراز بھی دیکھے ،انکے سچ نے حکمران جماعت کی مقبولیت کا پول کھول دیا،سابق گورنر کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسئلہ کا حل فوج کشی سے نہیں بلکہ سیاسی انداز سے ہی ممکن ہے حکومت نے نواب اکبر بگٹی کو قتل کرکے سنگین ترین غلطی کی انہی دنوں وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے متنازعہ بیانات سے وہاں پنجاب کیخلاف نفرت بڑھی ،کسی بھی مسئلے کوطاقت سے حل کرنا دانشمندی نہیں،انہوں نے کہا چودھری شجاعت حسین گزشتہ چھ سالوں نے محترمہ بینظیر بھٹو اور پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماوٴں کیخلاف بیان بازی کر رہے ہیں مگر اب انکا نیا موٴقف سامنے آیا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو تو واپس وطن آسکتی ہیں مگر میاں نواز شریف کو حکومت سے معاہدہ کے مطابق10سال پورے کرنا ہونگے،میں چودھری شجاعت حسین سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ انہیں محترمہ بینظیر بھٹو یا میاں نواز شریف کی قسمت کے بارے میں فیصلہ کرنے کا اختیار کس نے دیا ہے،ملک غلام مصطفی کھر کا کہنا تھاکہ عوام آئین توڑنے والوں کو کبھی معاف نہیں کرینگے اور آئندہ عام انتخابات میں جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر لوگوں کے جمہوری حقوق سلب کرنیوالوں کو عبرتناک شکست سے دوچار ہونا پڑیگا۔

متعلقہ عنوان :