امریکہ تعلیم کی بہتری کیلئے پاکستان کو 100 ملین ڈالر اضافی رقم فراہم کریگا،ملک میں انگریزی کو پہلی جماعت سے لازمی قرار دیا جارہا ہے‘ تمام جماعتوں کیلئے نصاب کو صرف اردو میں پڑھانے کی شرط بھی ختم کی جارہی ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم کی پریس کانفرنس

جمعہ 1 دسمبر 2006 14:44

واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین01دسمبر2006 ) وفاقی وزیر تعلیم جاوید اشرف قاضی نے کہا ہے کہ امریکہ تعلیم کی بہتری کے لئے پاکستان کو 2007ء کے دوران سو ملین ڈالر اضافی رقم فراہم کرے گا ‘ ملک میں انگریزی کو پہلی جماعت سے لازمی قرار دیا جارہا ہے‘ تمام جماعتوں کیلئے نصاب کو صرف اردو میں پڑھائے جانے کی شرط بھی ختم کی جارہی ہے‘ امریکی سیکرٹری برائے تعلیم اگلے سال پاکستان کا دورہ کریں گی۔

اس امر کا اظہار انہوں نے یہاں امریکہ کے دورے کے موقع پر واشنگٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی جماعت سے انگریزی کو لازمی قرار دیا جارہا ہے اور اس کے ساتھ تمام جماعتوں کے لئے نصاب کو صرف اردو میں پڑھانے کی شرط بھی ختم کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلیم کے فروغ کے لئے ہونے والے مذاکرات کا پہلا دور نہایت کامیاب رہا پاکستان اور امریکہ کے درمیان طلبہ کے تبادلوں کے پروگرام میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے جس سے زیادہ سے زیادہ طلبہ امریکہ آسکیں گے جاوید اشرف قاضی نے کہا کہ امریکہ کی سیکرٹری برائے تعلیم مارگریٹ سپسل اگلے سال پاکستان کا دورہ کریں گی اور تعلیم کے میدان میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے نئے منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گا انہوں نے بتایا کہ امریکہ پاکستان میں تعلیم کی بہتری کے لئے مالی سال 2007ء میں سو ملین ڈالر اصافی رقم فراہم کریگا۔