توہین آمیز خاکے کیس‘ سپریم کورٹ نے ویب سائٹس کی بندش کی یقین دہانی پر پیمرا کے خلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی

جمعہ 1 دسمبر 2006 15:40

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین01دسمبر2006 ) سپریم کورٹ نے توہین آمیز خاکے کیس میں پی ٹی اے کی طرف سے ویب سائٹس کی ب ندش کی یقین دہانی پر پیمرا کے خلاف دائر کردہ توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی ہے درخواست مولوی اقبال حیدر نے دی تھی چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری جسٹس محمد نواز عباسی اور جسٹس سید سعید اشہد پر مشتمل تین رکنی بینچ نے جمعہ کے روز سماعت کی درخواست گزار کی طرف سے محمد ابراہیم ستی ایڈووکیٹ نے کہا کہ پی ٹی اے نے کہا تھا کہ انہوں نے تمام متنازعہ ویب سائٹس بند کردی ہیں حالانکہ گوگل اور یاہو کے ذریعے یہ تمام ویب سائٹس اب بھی دیکھی جاسکتی ہیں اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیا کوئی شہادت موجود ہے کہ یہ ویب سائٹس موجود ہیں اور جو ویب سائٹس بند کرنے کا حکم دیا تھا اگر وہ دیکھی جارہی ہیں تو یہ توہین عدالت ہے اس پر پی ٹی اے کی طرف سے ڈاکٹر یاسین نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں کہیں سے بھی پتہ چلتا ہے تو ہم ان ویب سائٹس کو بند کردیتے ہیں اس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ہم نے یہ ٹھیکہ نہیں لے رکھا ہے کہ ہم ہی یہ ویب سائٹس بند کراتے پھریں اس پر چیف جسٹس نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بطور مسلمان ہم سب نے یہ ٹھیکہ لے رکھا ہے کہ ہم یہ ویب سائٹس بند کرائیں اور پی ٹی اے کو بھی چاہئے کہ بطور مسلمان وہ بات عدالت میں آنے سے پہلے ہی ویب سائٹس کو بند کردیا کریں ڈپٹی اٹارنی جنرل سعید شیخ نے کہا کہ یہ وہ ویب سائٹس نہیں ہیں بلکہ یہ نئی ویب سائٹس ہیں جو نئے ناموں سے لانچ کی گئی ہیں کوشش کررہے ہیں کہ مستقبل میں اس طرح کی ویب سائٹس دوبارہ نہ دیکھی جاسکیں درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ کراچی پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد ابھی تک چالان عدالت میں پیش نہیں کیا ہے اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ مقدمے کے حوالے سے ہم کچھ نہیں کرسکتے یہ معاملہ ہائی کورٹ میں لے جائیں پی ٹی اے کی یقین دہانی پر عدالت عظمیٰ نے درخواست نمٹا دی۔