دہشتگردی کی مناسب تشریح کیلئے عالمی سطح پر اتفاق رائے پیدا کیا جائے،چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری

جمعہ 1 دسمبر 2006 22:42

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم دسمبر۔2006ء) چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے دہشتگردی کی مناسب تشریح کے لئے عالمی سطح پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ نئی دہلی میں دہشتگردی سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے بنیادی عوامل کو واضح کرنا ضروری ہے تاکہ قانون اور عدالتی عمل کا غلط استعمال نہ ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ بے قصور لوگوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کو درپیش مسائل کے حل کے لئے عالمی اور دو طرفہ تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے اس کے بنیادی اسباب کا خاتمہ ضروری ہے ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہو گا کہ ملزم کو انصاف اور شفاف کے بعد کیس اور جرم کی نوعیت کے مطابق سزا سنائی جائے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہا کہ دہشتگردی کا کوئی مذہب اور سرحد نہیں ہوتی دہشتگردی نے پوری دنیا کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے ہم سب کو مل کر اس کا تدارک کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اس جرم کی روک تھام کے لئے کڑی سے کڑی سزائیں دینا ضروری ہے تاکہ بے قصور لوگوں کی ہلاکت کو روک جا سکے۔ انہوں نے پاکستان میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قائم عدالتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک بہترین نظام کے تحت دہشتگردی کیخلاف عدالتیں چلا رہے ہیں ان عدالتوں میں ملزم کو اپنی صفائی بیان کرنے کا پورا موقع ملتا ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ چونکہ دہشتگردی کی کوئی سرحد ہی نہیں اور یہ بلاتخصیص پوری دنیا کا مسئلہ ہے اس لئے ضروری ہے کہ عالمی سطح پر اس کے خلاف ایسا میکنزم تیار کیا جائے جس سے اس برائی سے نمٹنے میں خاصر خواہ مدد مل سکے۔