ملکی استحکام کیلئے آزاد اور مستحکم عدلیہ ناگزیر ہے۔ صدر مشرف،عدالت عظمیٰ کو مستحکم کرنے کیلئے تمام متعلقہ حلقوں کوہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں گی‘ نئے بلاکس کی تعمیر کے لئے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔صدر مملکت کی چیف جسٹس سے ملاقات کے دوران یقین دہانی

ہفتہ 2 دسمبر 2006 17:05

راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین02دسمبر2006 ) صدر جنرل پرویزمشرف نے کہا ہے کہ جمہوری اداروں کے استحکام ‘ بہتر نظام حکومت اور ملکی استحکام کے لئے آزاد اور مستحکم عدلیہ ناگزیر ہے‘ عدالت عظمیٰ کو مستحکم کرنے کیلئے تمام متعلقہ حلقوں کوہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے راولپنڈی کے صدارتی کیمپ آفس میں صدر جنرل پرویز مشرف سے ملاقات کی ۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے صدر کو سپریم کورٹ آف پاکستان کی سالانہ رپورٹ (گولڈن جوبلی ایڈیشن) ‘ لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کی سالانہ رپورٹ اور نیشنل جوڈیشل کانفرنس سے متعلق کتاب پیش کی۔ ملاقات کے دوران صدر مشرف نے کہا کہ وہ ملک میں آزاد اور مضبوط عدلیہ پر یقین رکھتے ہیں جو ملک میں جمہوری اداروں کے استحکام کی ضمانت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملکی استحکام کیلئے آزاد اور مستحکم عدلیہ ناگزیر ہے۔

صدر مشرف نے چیف جسٹس کو یقین دلایا کہ عدالت عظمیٰ کو مستحکم کرنے کیلئے تمام متعلقہ حلقوں کوہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔ صدر نے اس موقع پر بروقت فراہمی کے لئے عدلیہ کی کارکردگی کو تسلی بخش قرا ر دیا۔ اس سے پہلے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے صدر مشرف کو بتایا کہ عدالتوں میں زیر التواء مقدمات نمٹانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں ۔

اور 30جون 2006ء تک 70 فیصد زیر التواء مقدمات نمٹا دئیے گئے ہیں ۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے ججوں کے چیمبرز کی کمی سے متعلق صدر مشرف کو مشکلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ اس کیلئے مزید بلاک تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔ جس پر صدر مشرف نے چیف جسٹس آف پاکستان کو یقین دلایا کہ نئے بلاکس کی تعمیر کیلئے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔