پاکستان کے شمالی علاقوں صوبہ سرحد ، آزاد کشمیر ، صو بہ پنجاب کے مختلف حصوں ، بلوچستان کے پہاڑی مقامات اور سندھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش ، سردی کی شدت میں اضافہ

اتوار 3 دسمبر 2006 19:02

مظفر آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03دسمبر2006 ) ملک کے پہاڑی علاقوں‌ میں برفباری اور دیگر حصو‌ں میں‌گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے باعث ملک بھر میں‌ سردی کی شدت میں‌اضافہ ہوگیا ہے۔ برفباری کے باعث چترال کا رابطہ ملک کے دیگر حصوں سے منقطع ہوگیا ہے۔ گلگت اور بشا م کے درمیان سڑک کروڑا کے مقام پر پہاڑی تودہ گرنے سے بند ہوگئی ہے۔

کاغان ، ناران اور گلیات میں بھی برفباری ہورہی ہے۔ مانسہرہ ، بالاکوٹ سمیت ہزارہ ڈویژن میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے جس سے خیموں‌اور عارضی پناہ گاہوں میں‌مقیم زلزلہ متاثرین کو دشواری کا سامنا ہے۔ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں‌ میں ہلکی بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نےکراچی کے مختلف علاقوں میں‌تین ملی میٹر بارش ریکارڈ کی ہے اور کراچی سمیت سندھ بھر میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشن گوئی کی ہے ۔

(جاری ہے)

بلوچستان میں کوئٹہ، پنجگور، تربت اور پشین سمیت مختلف علاقوں اور مالاکنڈ ڈویژن میں آج دوسرے روز بھی تیز ہوا کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث صوبائی دارالحکومت اور دیگر حصوں‌ میں سردی کی شدت میں‌اضافہ ہوا ہے ۔ قلات میں آج دوسرے روز ہونے والی بارش کے باعث کئی کچے مکانات منہدم ہوگئے ہیں۔ دارالحکومت اسلام آباد سمیت صوبہ پنجاب میں مری، راولپنڈی، گوجر خان، ٹیکسلا اور گردونواح کے علاقوں میں بھی بارش ہورہی ہے جبکہ لاہور اور زیریں پنجاب میں مطلع ابر آلود ہ ہے۔