عراق امریکی فوج کا ہیلی کاپٹر تباہ،خود کش کار بم دھماکوں،فائرنگ اور دیگر واقعات میں 6امریکی فوجیوں سمیت 57افراد ہلاک،عراقی پولیس کا37مزاحمت کاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ، موجودہ دور صدام دور سے کہیں بہتر ہے،عراقی وزیراعظم۔اپ ڈیٹ

منگل 5 دسمبر 2006 14:46

عراق امریکی فوج کا ہیلی کاپٹر تباہ،خود کش کار بم دھماکوں،فائرنگ اور ..
بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5دسمبر۔2006ء) عراق میں خود کش کار بم دھماکوں،فائرنگ ،تشدد ہیلی کاپٹر کے حادثے اور مزاحمت کاروں کے حملے میں6امریکی فوجیوں سمیت57افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔عراقی پولیس نے مختلف علاقوں سے37مزاحمت کاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ادھرعراقی وزیراعظم نوری المالکی نے کوفی عنان کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ دور صدام دور سے کہیں بہتر ہے ۔

عراقی دارالحکومت بغداد میں تشدد کے واقعات میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہو گیا ہے عراقی پولیس کے بغدادمیں قائم بھرتی مرکز پر خود کش حملے میں 11افراد ہلاک ہو گئے بھرتی مرکز کے انسٹرکٹر کے مطابق سب سے پہلے مرکز کے دروازے پر کار بم دھماکہ کیا گیا اور اسی دوران خود کش حملہ آور نے ہجوم میں داخل ہو کر خود کو دھماکے سے اڑا دیا ۔

(جاری ہے)

دھماکے کے بعد خود کش حملہ آور کے ساتھیوں نے شدید فائرنگ شروع کردی پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور بھی ہلاک ہو گیا ۔

ادھر شمالی بغداد کے ضلع قاہرہ میں گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے ایک بس کو روک کر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں مذہبی ادارے کیلئے کام کرنے والے 14ملازمین ہلاک ہو گئے وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق ہلاک ہونیوالوں کی تعداد 15ہے جبکہ سات افراد زخمی ہیں ۔ادھردارالحکومت بغداد کے جنوب مغربی ضلع بائیہ میں 3کار بم دھماکوں میں16افراد ہلاک ہو گئے سیکورٹی اہلکاروں کے مطابق یہ دھماکے پٹرول پمپ پرکیے گئے جہاں لوگوں کا ہجوم تھا ۔

ان دھماکوں میں 25افراد زخمی بھی ہوئے ۔ محمودیہ میں ایک سبزی کی مارکیٹ میں کاربم دھماکے میں ایک شخص ہلاک اوردوزخمی ہوگئے ۔شمالی بغداد میں واقعہ ایک مارکیٹ پر دو مارٹر فائر کیے گئے جس میں 2افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے بغداد کے جنوب مغربی ضلع عامل کی ایک مارکیٹ میں کار بم دھماکے میں2افراد ہلاک اور9زخمی ہو گئے ۔کرکوک میں گزشتہ جمعہ کو اغوا ہونے والے پولیس اہلکار کی لاش ملی ہے جبکہ پولیس نے 2اغوا کاروں کو گرفتار کرنے کادعویٰ کیا ہے ۔

شمالی بغداد کے ضلع قاہرہ کی ایک مشہور مارکیٹ میں مارٹر حملے سے 2افراد ہلاک اور 10زخمی ہو گئے ۔دوسری جانب امریکی فوج کا الانبار صوبے میں ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہونے سے4 اہل کاروں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے۔ دارالحکومت بغداد کے شمال مشرق میں امریکی فوجی قافلے پر مزاحمت کاروں کے حملے میں ایک امریکی فوجی ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہو گئے ۔

امریکی فوج کے بیان کے مطابق فوجی قافلے پر حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ دشمن کا پیچھے کررہا تھا ادھر ٹریفک حادثے میں ایک امریکی فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے اس طرح مارچ 2003ء کے بعد عراق میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد2909 ہو گئی جس میں 126برطانوی جبکہ121دوسرے ممالک کے فوجی شامل ہیں ۔ادھر عراقی پولیس نے ملک کے مختلف حصوں سے35مزاحمت کاروں کوگرفتار کرنے کا دعوی کیاہے دریں اثناء عراقی وزیراعظم نوری المالکی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان کے بیان پر تنقید کی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ عراق بدترین خانہ جنگی کی لپیٹ میں آ گیا ہے عراقی وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہاکہ موجودہ دور گزشتہ صدام دور سے کہیں بہتر ہے ۔

انہوں نے امریکی صدر جارج ڈبلیوبش پر زوردیاکہ وہ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کوروکنے کے لیے اپنا کردار اداکریں تاکہ خانہ جنگی سے بچاجاسکے