بلوچستان میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی ، چھتیں گرنے سے 7 افراد ہلاک،تربت ڈیم میں شگاف سے فصلیں تباہ،سڑکیں بہہ گئیں ، میرانی ڈیم میں پانی کی سطح انتہاء کو پہنچ گئی، قریب و جوار کے 18دیہات خالی کرالئے گئے

منگل 5 دسمبر 2006 17:47

کوئٹہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین05دسمبر2006 ) بلوچستان میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی ، مختلف علاقوں میں چھت گرنے کے نتیجے میں مزید7افراد ہلاک اور3زخمی ہوگئے،ڈیم بھر گئے، تربت ڈیم میں شگاف سے فصلیں تباہ،سڑکیں بہہ گئیں ، میرانی ڈیم میں پانی کی سطح انتہاء کو پہنچ گئی قریب و جوار کے 18دیہات خالی کرالئے گئے، کوئٹہ کراچی گوادر شاہراہ تاحال بند ، سینکڑوں کچے مکانات کی دیواریں اورچھتیں منہدم ہوگئی کوئٹہ سبی شاہراہ ٹریفک کیلئے بحال ، منگل کوکوئٹہ میں موسم خشک اور سرد رہا،پہاڑوں پر برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں نے تباہی مچادی ہرنائی کے علاقے گچین میں محمد امین نامی شخص کے کچے مکان کی چھت گرنے سے اس کی اہلیہ اور تین بیٹے جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جبکہ ہرنائی ہی کے علاقے میں سپین تنگی میں 100ے زائد کچے مکانات کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہوگئیں، سینکڑوں مویشیوں کے ہلاک ہونے کا اندیشہ ہے۔

(جاری ہے)

بیلہ ندی میں سیلابی ریلہ پار کرنے کی کوشش میں ایک شخص محمد داؤد جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ دریں اثناء خاران کی کلی نافیزی میں مکان کی چھت گرنے سے میاں محمد فرید اور بیوی لعل بی بی جاں بحق ہوگئے ۔گوادر کراچی کوئٹہ کراچی پنجگور تربت قومی شاہراہیں تاحال بلاک ہیں جبکہ کوئٹہ سبی شاہراہ ٹریفک کیلئے دوبارہ بحال کردی گئی ۔ کوئٹہ ، قلات ، کان مہترزئی اور زیارت میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اصافہ ہوگیا کوئٹہ میں منگل کو موسم خشک اور سرد رہا ۔

تربت و مکران کے دیگر علاقوں میں موسلا دھار برسات کے سبب 48گھنٹوں سے زمینی اور فضائی رابطہ منقطع ہوگیا مند تمپ اور دیگر علاقوں سے کراچی جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مسافر تربت میں پھنس کررہ گئے ہوٹلوں میں جگہ کم پڑ گئی تربت کے نزدیک سہراب ڈیلے ایکشن ڈیم پانی کا بہاؤ برداشت نہ کر سکا اور پانی سڑکوں پر نکل آیا اور ریلے میں پک اپ گاڑی بہہ کر الٹنے سے دو افراد زخمی ہوگئے۔

جنہیں فوری طور پر ڈسٹر کٹ ہسپتال تربت پہنچا دیا گیا جہاں انکی حالت ٹھیک بتائی جاتی ہے۔پنجگور میں بارشوں سے سینکڑوں کچے مکانات کو شدید نقصان پہنچا ندی نالوں میں طغیانی سے کچے راستے بند ہوگئے،بارشوں سے درجنوں ٹیلی فون ڈیڈ ہوگئے محکمہ پی ٹی سی ایل کے اہلکاروں کی ہڑٹال کے باعث فون صحیح نہ ہوسکے ۔گنداہ کے قریب میر پور کے علاقے میں لیویز تھانہ کی چار دیواری گر گئی جس سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ کسانوں اور زمینداروں کی کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ۔ جبکہ موسم کی خرابی کے باعث متعدد علاقوں کا ملک کے دیگر صوبوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ۔زمینی وفضائی رابطے منقطع ہونے کے باعث متعدد علاقوں میں اشیاء خورد ونوش کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :