بلوچستان میں کسی قسم کا فوجی آپریشن نہیں ہو رہا ‘ اکبر بگٹی کی ہلاکت اتفاقیہ واقعہ تھی ۔ گورنر بلوچستان

منگل 5 دسمبر 2006 18:49

لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین05دسمبر2006 ) گورنر بلوچستان اویس غنی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کسی قسم کا کوئی فوجی آپریشن نہیں ہو رہا اور کوہلو ‘ڈیرہ بگٹی سمیت صوبے بھر میں حالات پر امن ہیں ۔ہمیں سب سے زیادہ خطرہ افغانستان کی طرف سے داخل ہونیوالے دہشتگردوں سے ہے جو حالات کی خرابی کے ذمہ دار ہیں ۔وہ گزشتہ روز لاہور کی ایک پرائیویٹ یونیورسٹی کے سالانہ کانووکیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

گورنر بلوچستا نے کہا کہ سرحدپار سے جاری دہشتگردی کو روکنے کیلئے افغان حکومت سے بات چیت جاری ہے امید ہے افغانستان اس سلسلہ میں تعاون کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی بہتری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صوبے میں بھر میں 70سے زیادہ فیکٹریاں دو سال کے عرصہ میں لگیں اور بین الاقوامی کمپنیاں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ صوبے بھر میں مختلف علاقوں میں گیس اور تیل کے ذخائر بھی ملے ہیں جن پر کام جاری ہے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نواب اکبر بگٹی کی ہلاکت ایک اتفاقیہ واقعہ تھی ان تمام علاقوں میں اب تمام تعلیمی ادارے اور کاروبار ی مراکز کھلے ہوئے ہیں اور زندگی معمول کے مطابق رواں دوا ں ہے ۔