افغانستان‘ خودکش حملے اور جھڑپ میں 3امریکی اور ایک برطانوی فوجی سمیت 10افراد ہلاک‘ متعدد زخمی

بدھ 6 دسمبر 2006 11:21

کابل (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین06دسمبر2006 ) افغانستان میں خودکش حملے اور جھڑپ میں تین امریکی اور ایک برطانوی فوجی سمیت دس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قندھار کے آئی جی پولیس عصمت الله علی زئی نے بتایا کہ بدھ کی صبح جنوبی شہر قندھار میں ایک خودکش حملہ آور نے امریکی سکیورٹی فرم کے سامنے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں تین امریکیوں سمیت دس افراد ہلاک ہوگئے دھماکے کے وقت امریکی فرم کے متعدد ملازمین وہاں موجود تھے۔

دھماکے سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ادھر صوبہ ہلمند میں طالبان نے برطانوی فوج کا ایک بڑا حملہ پسپا کردیا ہے حملے میں ایک برطانوی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ حملے میں اے ٹین طیارے اور اپاچی گن شپ ہیلی کاپٹر بھی استعمال کئے گئے۔ برطانوی فوج کے کمانڈر کے مطابق انہیں طالبان سے ایسی سخت مزاحمت کی توقع نہیں تھی۔