سابق صوبائی وزیر فائق جمالی کی پیرول پر رہائی معطل‘ وارنٹ گرفتاری جاری،ملزم کو گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا جائے‘ سپریم کورٹ کی آئی جی بلوچستان کو ہدایت۔کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں‘ کسی کو عدالتوں سے مذاق نہیں کرنے دیں گے۔ چیف جسٹس افتخار چوہدری کے ریمارکس

بدھ 6 دسمبر 2006 14:52

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین06دسمبر2006 ) عدالت عظمیٰ نے بلوچستان کے سابق وزیر فائق جمالی کی پیرول پر رہائی معطل کرتے ہوئے اس کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں آئی جی بلوچستان کو ہدایت کی ہے کہ اسے گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا جائے جبکہ تین سابق صوبائی وزراء سردار بہرام‘ عبدالحفیظ لونی اور سردار نثار کو وکلاء کی خدمات حاصل کرنے کے لئے 22دسمبر 2006ء تک وقت دے دیا ہے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی شخص بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے اور کسی کو عدالتوں سے مذاق نہیں کرنے دیں گے آئی جی خود مذکورہ سابق وزیر کو گرفتا رکرکے عدالت میں پیش کریں انہوں نے یہ ریمارکس بدھ کے روز نیب کی طرف سے پیرول پر رہا کئے جانے والے سابق وزراء کے خلاف دائر کردہ نیئر اقبال کی درخواست کی سماعت کے دوران ادا کئے گزشتہ روز نیئر اقبال کی طرف سے جسٹس (ر) طارق محمود ایڈووکیٹ جبکہ سابق وزراء سردار بہرام عبدالحفیظ لونی اور سردار نثار خودش پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت سے استدعا کی بارش کی وجہ سے ان کے وکلاء نہیں آسکے کیونکہ جہازوں کی آمدورفت بند ہے لہذا وکلاء کی دستیابی کے لئے مزید وقت دیا جائے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان بھی پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت کو بتایا کہ انہیں عدالتی نوٹس مل چکے ہیں لہذا وہ اس کارروائی میں شامل رہیں گے چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری نے سابق وزیر فائق جمالی کی عدالت عظمیٰ میں مسلسل غیر حاضری پر خفگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج اس کے وارنٹ نکال رہے ہیں کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔

(جاری ہے)

سابقہ تاریخ پیشی پر اسے عدالت میں طلب کیا گیا تھا تاہم وہ پھر بھی نہیں آئے۔ ان حالات میں بلوچستان حکومت کا سابق وزیر فائق جمالی کی پیرول پر رہائی کے حوالے سے آرڈر معطل کیا جاتا ہے اور آئی جی بلوچستان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ سابق وزیر کو فوری طور پر گرفتار کرکے جیل بھجوا دے مزید سماعت 22دسمبر کو ہوگی۔