سپریم کورٹ کے احکامات پر حکومت نے گورنمنٹ کالج سیالکوٹ میں بی کام پارٹ ون کے تمام 545 طلباء کو تعلیمی سیشن2006-07 ء کے لیے داخلے کی اجازت دیدی

جمعرات 7 دسمبر 2006 13:58

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07دسمبر2006 ) سپریم کورٹ کے احکامات پر حکومت نے گورنمنٹ کالج سیالکوٹ میں بی کام پارٹ ون کے تمام 545 طلباء کو تعلیمی سیشن2006-07 ء کے لیے داخلے کی اجازت دیدی ہے جبکہ کالج کے پرنسپل نے عدالت عظمی کو یقین دلایا ہے کہ طلباء کا مستقبل کالج میں 100 فیصد محفوظ ہے چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس افتخار محمد چوہدری نے لاہور کے ایک 15 روزہ جریدے میں گورنمنٹ کالج سیالکوٹ میں بی کام کے داخلوں میں مبینہ کرپشن سے متعلق رپورٹ پر از خود نوٹس لیا تھا اورکالج پرنسپل کو اس بارے میں موقف داخل کرنے کی ہدایت کی تھی-رپورٹ کے مطابق مذکورہ کالج میں بی کام پارٹ ون کیلئے 360 نشستوں کی اجازت تھی مگر 518 طلباء کو داخلہ دیدیا گیا لیکن پنجاب یونیورسٹی لاہور نے صرف 360 طلباء کا داخلہ ہی قبول کیا- اس طرح پرنسپل نے طلباء کا ایک سال ضائع کیا اور انہیں داخلہ فیس واپس کرنے میں پس و پیش سے کام لیا- عدالت عظمی کے احکامات کے بعد پرنسپل نے اپنا موقف بیان کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب یونیورسٹی نے تعلیمی سال 2006-07ء کے لیے بی کام کی کلاسز کیلئے نشستیں 360 سے بڑھا کر 720 کر دی ہیں اور جن 545 طلباء کو بی کام پارٹ ون میں داخلہ دیا گیا تھا انہیں رجسٹرڈ کر لیا گیا ہے-اس طرح طلباء کے نقصان کی تلافی ہو گئی ہے اور کالج میں ان کا مستقبل 100فیصد محفوظ ہے-

متعلقہ عنوان :