مقبوضہ کشمیر بھارتی فورسز اورمسلح ایجنٹوں کی ظالمانہ کارروائیوں میں مزید 5کشمیری شہید مجاہدین کے حملے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک۔ بھارتی ایجنٹوں نے حزب المجاہدین کے زیرحراست مجاہدکے بھائی کواغواء کے بعدشہید کردیا سری نگر میں گھروں سے بندوق کی نوک پرلوٹ مچانے کے خلاف مظاہرے۔

ہفتہ 9 دسمبر 2006 12:28

سری نگر(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین09دسمبر2006 ) مقبوضہ جموں وکشمیرمیں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران بھارتی فورسز اورمسلح ایجنٹوں نے مزید5کشمیریوں کوشہید کردیا جبکہ مجاہدین کے حملے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک ہوگیا بندوق کی نوک پرگھروں میں گھس کرڈاکہ زنی کے بعد سینکڑوں افرادنے بھارتی ایجنٹوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔ضلع ڈوڈہ کے رام بن علاقے میں ایک جھڑپ کے دوران دومجاہدین شہیدہوگئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس للت اندو مہانتی کے مطابق بھارتی فوج اورٹاسک فورس نے بانہال کے فگوڈھلی گام علاقے کا محاصرہ کیا اورایک مکان میں موجود مجاہدین کوہتھیارڈالنے کے لیے کہامجاہدین نے ہتھیارڈالنے کے بجائے بھارتی فورسزپرفائرنگ شروع کردی یہ جھڑپ دوگھنٹے تک جاری رہے بعد میں جائے واردات سے 26سالہ الف دین ولد لال دین ساکنہ جبڑی بانہال سمیت دومجاہدین شہیدہوگئے۔

(جاری ہے)

دوسرے مجاہد کی شناخت نہیں ہوسکی بھارتی فورسز نے دورائلفیں چار میگزین اورگولیوں کے96راؤنڈبرآمدکرنے کادعوی کیا۔ضلع پونچھ کے کانگلہ علاقے میں بھارتی فورسزنے ایک فرضی جھڑپ میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔دریں اثناء سوپور کے شمپورہ علاقے میں بھارتی ایجنٹوں نے بشیراحمد صوفی ولد غلام رسول کواس کے گھر سے اغواء کرنے کے بعد گولیاں مارکرشہیدکردیا۔

اطلاعات کے مطابق شہیدنوجوان کابھائی محمدمقبول حزب المجاہدین سے وابستہ ہے اورگزشتہ دوسال سے جموں کی جیل میں قید ہے۔جنوبی کشمیر کے اچھابل اسلام آباد علاقے سے بھارتی ایجنٹوں نے ایک نوجوان محمد مقبول وانی کوفائرنگ کرکے شہید کردیا سوپورکے چھانہ کھن علاقے میں مجاہدین نے دستی بم کے ایک حملے میں بی ایس ایف کی 55بٹالین کے فوجی کے روی کو ہلاک کردیا۔شوپیاں کے اچھی پورہ علاقے میں بھارتی ایجنٹوں نے ایک نوجوان مدثراحمدمیرولدمحمدیوسف کوفائرنگ کرکے زخمی کردیا بھارتی ایجنٹوں نے سری نگر کے بژھ پورہ علاقے میں کئی مکانوں میں گھس کراہل خانہ کو بندوق کی نوک پریرغمال بنایااورقیمتی اشیاء لوٹ لیں جس کے خلاف علاقے میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔