افغانستان‘ 5مشتبہ طالبان ہلاک‘ فائرنگ سے 2خواتین ٹیچر سمیت 5افراد قتل

ہفتہ 9 دسمبر 2006 16:49

کابل+ہلمند (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین09دسمبر2006 ) افغانستان میں نیٹو فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 5مشتبہ طالبان جبکہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2خوتین ٹیچرز سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے۔ افغان پولیس حکام کے مطابق افغانستان کے مشرقی شہر اسد آباد میں ہفتے کے روز چند مسلح افراد ایک گھر میں داخل ہو گئے اور 2 خواتین ٹیچروں سمیت 5 افرا دکو گولیوں سے چھلنی کر دیا۔

تمام افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کو اس سے قبل بھی دھمکیاں ملی تھیں۔ مقامی پولیس نے واقعے کی ذمہ داری طالبان پر عائد کر دی ہے۔ دریں اثناء افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 5مشتبہ طالبان ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔ ہلمند صوبے کے پولیس چیف محمد نبی ملا خیل نے بتایا کہ گزشتہ روز طالبان جنگجوؤں کے ایک گروپ نے ضلع نوزاد میں افغان پولیس اور نیٹو فوج کے قافلے پر حملہ کر دیا جس کے بعد نیٹو فورسز کی جوابی فائرنگ سے 5 جنگجو ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس جھڑپ میں سیکیورٹی فورسز سے کسی جانی اور مالی نقصان کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔ طالبان کے ترجمان قاری محمد یوسف نے بھی ایک نامعلوم مقام سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے جھڑپ کی تصدیق کر دی ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال افغانستان میں تشدد کے مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 3 ہزار 9 سو افراد ہلاک جبکہ ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں کثیر تعداد غیر ملکی فوجیوں کی ہے۔